رسائی کے لنکس

پاکستان، آسٹریلیا ٹی 20 سیریز بدھ سے شروع ہوگی


پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آغاز بدھ سے ہو رہا ہے۔ پہلا میچ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ لائن میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے جبکہ بابر اعظم اوپننگ بیٹسمین میں سے کسی بھی پہلے کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں اتریں گے ۔

بدھ کے میچ سے قبل تک بابر اعظم اننگز کا آغاز کرتے تھے تاہم انگلینڈ کے دورے میں بابر اعظم کے ہاتھ میں فریکچر ہونے کے بعد سے یہ ذمے داری آغاز فخر زمان اور امام الحق نبھا رہے تھے ۔

باقی بیٹنگ لائن اس طرح ترتیب دی گئی ہے ۔ چوتھے نمبر پر سرفراز احمد میدان میں آئیں گے ۔ ان کے بعد شعیب ملک ، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کا نمبر آئے گا۔

پی سی بی کے مطابق اگرچہ شعیب ملک ابھی تک بھارت میں ہی مقیم ہیں کیوں کہ ان کے ہاں بچے کی ولادت کسی بھی دن متوقع ہے تاہم امید ہے کہ وہ جلد ٹیم کو جوائن کرلیں گے ۔

پی سی بی نے جن لیگ اسپنرز اور فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے ان میں عماد وسیم اور شاداب خان اسپنر کی حیثیت سے سرفہرست ہیں جبکہ فاسٹ بولرز کے طور پر حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔

منگل کی شام ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی جبکہ دن میں پاکستانی ٹیم اور رات میں آسٹریلیا کی ٹیم پریکٹس کرے گی ۔

ادھر آسٹریلیا کے اسکواڈ میں آرون فنچ، وکٹ کیپر ایلیکس کیرے، مچل مارش، ایشٹون اگر، ناتھن لولٹر، کریس لائن، بین میک ڈرموٹ، میکس ویل، آرچے شارٹ، اسٹین لیک، اسٹارک، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پاکستان ایک صفر سے اپنے نام کرچکا ہے۔ پہلا میچ ڈرا ہوا تھا جبکہ دوسرا پاکستان نے تین سو تیہتر رنز کے بڑے مارجن سے جیتا تھا۔

XS
SM
MD
LG