بلوچستان کے ضلع سبی میں نیم فوجی سکیورٹی فورس فرنٹیئرکور ’ایف سی‘ کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 11 اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔
ایف سی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ مارگٹ کے علاقے میں منگل کی رات کیا گیا۔ بیان کے مطابق علاقے میں کوئلے کی کانوں کی حفاظت کے لیے ایف سی کی آٹھ چوکیاں قائم کی گئی تھیں جن میں سے چار چوکیوں پر نامعلوم افراد نے مختلف اطراف سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
بلوچستان میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لانے کے لیے صوبے میں موجود کانوں پر 50 ہزار مزدور کام کرتے ہیں اور کان کنوں پر حملوں کی حوصلہ شکنی کے لیے ایف سی نے سبی سمیت مختلف علاقوں میں اپنی چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی ضلع تربت کے علاقے میں ایف سی کے اہلکاروں پر ہونے والے ایک حملے میں 14 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔