پاکستان نے میزبان سری لنکا کو دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 29 رن سے شکست دیدی ہے۔
جمعرات کو کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 175 رن بنائے تھے۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات قومی ٹیم کے تین کھلاڑیوں احمد شہزاد، عمر اکمل اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ عمر اکمل 24 گیندوں پر 46 اور احمد شہزاد 38 گیندوں پر 46 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے بھی 31 گیندوں پر 46 رن ہی بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پریرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فرنینڈو، میتھیوز اور لسیتھ ملنگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواباً 176 رن کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کےنقصان پر صرف 146 رن بنا سکی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے سری وردھنا 35 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ڈی سلوا نے 31 رن بنائے جب کہ کپوگڈیرا بھی 31 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے تین اور اور انور علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔