رسائی کے لنکس

پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت گیا


اتوار کے روز مقررہ 20 اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز بنانا تھے۔ پاکستان نے آسانی کے ساتھ بلکہ ایک اوور قبل ہی تین وکٹوں کے نقصان پر 127رنز بناکرسات وکٹوں سے میچ جیت لیا

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چوتھے اور آخری ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں دیا گیا 125رنز کا آسان ہدف پاکستان کو میچ ہی نہیں ٹی 20 سیریز میں بھی فاتح بنا گیا ہے۔ چار میچوں کی ٹی 20سیریز میں پاکستان نے 3 میچز اپنے نام کئے۔ پہلا دوسرا اور چوتھا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر آج پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو وقت نے دوست ثابت کیا۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی باری میں مقررہ 20 اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز بنانا تھے۔ پاکستان نے آسانی کے ساتھ بلکہ ایک اوور قبل ہی تین وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناکرسات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے کھیل کا آغاز کامران اکمل اور احمد شہزاد نے کیا۔ دونوں ہی نے ابتدائی اوورز میں ہی تیز کھیلا اور اچھی پرفارمنس دی۔ کامران اکمل کی تیز رفتاری کو بریک لگائے سیموئلز نے جبکہ کیچ لیا ولیمز نے۔ پہلی وکٹ کے نقصان پر پاکستان کا مجموعی اسکور 40 رنز تھا جبکہ کامران کا اپنا اسکور 20 رنز رہا۔ انہوں نے 21 بالز کھیلیں۔

بابر اعظم نئے کھلاڑی کے روپ میں میدان میں اترے۔ انہوں نے بھی کامران اور احمد شہزاد کی طرح ہی تیز کھیلنے کی کوشش کی اور احمد شہزاد کا بھرپور ساتھ دیا۔

احمد شہزاد نے 45 بالز پر 52 رنز بنائے۔ تاہم، جیسے ہی احمد شہزاد کی نصف سنچری بنائی انہیں ولیمز نے اپنا شکار بناڈالا۔ جس وقت احمد شہزاد آؤٹ ہوئے پاکستان کا مجموعی اسکور 110دس رنز تھا۔

ان کی جگہ شعیب ملک کھیلنے آئے جبکہ بابر اعظم پہلے سے کریز پر تھے۔ انہیں 36رنز پر ولیمز نے آؤٹ کیا جس کے بعد سرفراز میدان میں آئے۔

شعیب ملک اور سرفراز نے بالترتیب 9اور 3رنز بنائے۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی جبکہ گزشتہ روز بھی انہوں نے ہی ٹاس جیتا تھا مگر پہلے بیٹنگ کو چنا تھا۔ آج کے کھیل میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ سہیل تنویر کی جگہ رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

رومان رئیس پاکستان سپر لیگ کے متاثرکُن بولرز میں شامل تھے۔ انہوں نے ایونٹ میں 13 اعشاریہ 5 کی اوسط سے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

گزشتہ روز یعنی تیسرے ٹی 20 میچ میں لوئیس نے ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور صرف 51 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، لیکن آج وہ صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔

آج کے میچ میں پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض سب سے زیادہ مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے 44 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

ادھر ویسٹ انڈیز کی طرف سے مجموعی طور پر آج چھ چھکے اور پانچ چوکے لگائے گئے۔

XS
SM
MD
LG