27دسمبر 2007کو راولپنڈی میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت میں جاری ہے ۔
بدھ کو اس مقدمے کی سماعت کے دوران نامز د ملزمان راولپنڈی پولیس کے سابق سربراہ اور ان کے ایک ماتحت افسر خرم شہزاد کی ضمانت منسوخ کیے جانے پر انھیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
سرکاری وکیل ایم اظہر چوہدری نے وائس آف امریکہ کو بتایاکہ سعود عزیز نے اعتراف کیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے جلسے کی سکیورٹی میں آخری وقت میں تبدیلی اور جائے وقوعہ کو پانی سے دھونے کے احکامات ان ہی کی ہدایت پر کیے گئے۔
یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت عمل میں آئی ہیں جب حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اپنی سابق قائد بے نظیر بھٹو کی تیسری برسی منانے کی تیاریاں کررہی ہے۔