پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایندھن سے بھرے ایک ٹینکر اور کار میں تصادم سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور لگ بھگ 15 زخمی ہو گئے۔
ہلاک و زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس اور امدادی کارکنوں کے مطابق یہ حادثہ ضلع شیخوپورہ میں ننکانہ صاحب کے قریب بدھ کی صبح پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹینکر پر مائع قدرتی گیس ’ایل این جی‘ بھری ہوئی تھی اور مخالف سمت سے آنے والی کار سے تصادم کے بعد ٹینکر میں آگ لگ گئی۔
جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اُس وقت وہاں دھند تھی اور بظاہر یہ ہی اس حادثے کی وجہ بنی۔
مائع قدرتی گیس سے بھرے ٹینکر میں آگ اس تیزی سے بھڑکی کہ اس نے قریب سے گزرنے والی گاڑی اور رکشوں کو بھی اپنی لیپٹ میں لے لیا جب کہ اس سے ہونے والے دھماکے سے کئی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
شدید زخمیوں کو ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کے ضلعی اسپتالوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق بیشتر زخمیوں کے جسم آگ سے جھلس گئے ہیں، اور اُن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پاکستان میں اس سے قبل بھی تیل یا ایندھن لے جانے والے ٹینکروں کے مسافر گاڑیوں سے ٹکرانے کے حادثات ہو چکے ہیں، جو عموماً خاصے مہلک تھے۔
گزشتہ سال صوبہ سندھ میں سپرہائی وے پر کراچی سے شکار پور جانے والی مسافر بس کے مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے تصادم کے بعد لگنے والی آگ سے لگ بھگ 60 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات کی عمومی وجوہات میں غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں اور گاڑیوں کی خراب حالت اور نامناسب دیکھ بھال بتائی جاتی ہیں۔