رسائی کے لنکس

عدالت عظمیٰ کے حکم پر نجی ٹی وی چینلزکی نشریات بحال


سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جمعہ کے روز پاکستان کے دو نجی ٹی چینلوں کی نشریات کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد پیمرا (پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی) کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر نشریات بحال کرے ۔

”جیو “ اور ”اے آر وائی“ کی ملک کے مختلف حصوں بالخصوص صوبہ سندھ میں نشریات کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس کی زیرصدارت عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اور پیمرا کے چیئر مین کو طلب کر کے اس معاملے پراُن کی سرزنش کی اور دونوں ٹی وی چینلوں کی نشریات فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گزاروں کے وکیل اکرم شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت نے ابھی اس معاملے کو نمٹایا نہیں ہے بلکہ ایک عبوری حکم دیا ہے جواُن کے بقول ایک تاریخی اقدام ہے۔

دونوں نجی ٹی وی چینلز کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں صدر آصف علی زرداری کے خلاف مظاہروں اور ایک جلسے میں اُن پر جوتا پھینکنے کی خبرنشر کرنے کے بعد اُن کی نشریات بند کی گئی تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اُن کی جماعت میڈیا پر کسی طر ح کی پابندیاں لگانے کی حمایت نہیں کرتی۔

XS
SM
MD
LG