سارہ چوہدری کم و بیش پچھلے دس برسوں سے پاکستان شوبزنس کی پہچان بنی ہوئی ہیں۔ جب سے ملک میں ٹی وی چینلز بڑھنے سے ڈراموں اور تفریحی پروگراموں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ،تبھی سے اس میدان میں نئے نئے فنکاروں کی آمد کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔ سارہ چوہدری بھی انہی فنکاروں میں شامل ہیں لیکن ان کا شمار تھوڑے ہی عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں فنکاروں میں ہوتاہے۔
شوبزنس میں ان کی آمد تو ماڈل کی حیثیت سے ہوئی تھی لیکن انہیں اصل پہچان اپنی سنجیدہ اور مزاحیہ اداکاری سے ملی۔ سارہ ان دونوں قسم کی اداکاری میں اپنی مہارت ثابت کرچکی ہیں۔ ’تیرے پہلو میں‘، ’ گیٹ میریڈ‘، ’جائے کہاں یہ دل‘ اور ’تم کہاں ہم کہاں‘ ان کے سنجیدہ ڈرامے ہیں جبکہ ’ہم سب امید سے ہیں‘، ’ کیا میری شادی شاہ رخ سے ہوگی؟‘ سٹ کام یعنی مزاحیہ ڈرامے ہیں۔
سارہ ابھی فرسٹ ائیر کی طالبہ ہی تھیں کہ انہیں ماڈلنگ اور پھر اداکاری کی آفر ہوگئی۔ اسی سبب وہ صرف میٹرک تک ہی تعلیم حاصل کر سکیں۔ ان کا نکاح ہوچکا ہے جبکہ رخصتی جلد ہونے والی ہے۔ وہ لاہورمیں رہتی ہیں اور ان کے شوہر بزنس مین ہیں۔
سارہ شوبزنس کی دنیا کو جلد ہی الوداع کہہ دیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شوقیہ طور پر اداکاری کرتی ہیں۔ اور بقول ان کے ’شوق پورا کرنے کے لئے دس سال کا عرصہ بہت ہوتا ہے۔ اب گھر پر رہوں گی اور انجوائے کروں گی۔ ذہنی طور پر خود کو اسٹار نہیں سمجھتی۔ اس لئے آسانی سے ایڈجسٹ کرلوں گی‘۔
زندگی کو دیکھنے اور اسے برتنے کا ان کا نظریہ اپنی تمام ہم عصر اداکاراوٴں سے بالکل مختلف اور جد ا ہے۔ وہ کہتی ہیں: ’مذہب کی تعلیم بچپن سے دی جاتی رہی مگر قرآن ترجمے کے ساتھ پڑھنے کا موقع کم ہی ملتا ہے۔ جب سے مجھ میں مذہبی تعلیم کی لگن پیدا ہوئی ہے میرے لیے دنیا کی اہمیت تبدیل ہوگئی ہے۔ قرآن عقل والوں کے لئے ہے۔ میں احادیث کا بھی مطالعہ کرتی ہوں اور اسی حوالے سے فیس بک پر ایک پیج بھی بنایا ہے ‘۔
’خوش قسمتی سے میرے شوہر کی مذہب سے متعلق بہت زیادہ معلومات ہیں جن سے میں بھی فیضیاب ہوتی ہوں۔ فجر کی نماز کے لئے میرے شوہر مجھے مس کال کرکے کنفرم کرتے ہیں۔ مجھے ویلنٹائن ڈے اور نیو ائیر ٹائپ کے دنوں پر یقین نہیں۔ فارغ وقت میں، میں انٹرنیٹ پر اسلام کے بارے میں ریسرچ کرتی ہوں‘۔
’جدید فیشن کے خلاف ہوں۔ ہم اسلام اور اپنے کلچر سے بھی دور ہوگئے ہیں ۔جب میں کم عمر اور نوآموز تھی اس وقت میں نے سلیو لیس لباس بھی پہنا مگر اب میچور ہوگئی ہوں۔ میں نے بولڈ اور متنازع کردار بھی کبھی نہیں کئے۔ اور اب تو خیر میں اداکاری کو بھی خیرباد کہنے والی ہوں‘۔