رسائی کے لنکس

پاک چین تعاون کے فروغ کے معاہدے پر دستخط


پاکستان اور چین نے تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں فروغ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب اتوار کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ اور میزبان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی موجودگی میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

دونوں ملکوں نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اسکولوں کے ایک منصوبے کے لیے دستاویزات اور اسٹریٹیجک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

وانگ یانگ شاہد خاقان عباسی کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے اعلیٰ ترین چینی عہدیدار ہیں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ عباسی یکم اگست کو وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے وانگ یانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کی دیرینہ دوستی اور تعلقات کے اعتراف کرتے ہوئے اس تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی اسٹریٹیجک تعلقات اور پاکستان کے لیے ان کے ملک کی ٹھوس حمایت کا اظہار ہے۔

دونوں راہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی افتتاحی تختیوں کی نقاب کشائی بھی کی۔

وانگ یانگ چین کے صدر ژی جن پنگ کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور پیر کو انھوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

XS
SM
MD
LG