پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں اتوار کی صبح کوئلے کی ایک کان میں دھماکے سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ حادثہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قریب مارواڑ نامی علاقے میں پیش آیا۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا کان میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا اور اس کے نتیجے میں تینوں مزدور ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے۔
حکام کے بقول یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب معمول کی کان کنی کا آغاز نہیں ہوا تھا اور اسی وجہ سے جانی نقصان بھی کم ہوا۔
قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان میں اس نوعیت کے واقعات عام ہیں اور گزشتہ سال مارچ میں سورنج کے مقام پر کوئلے کی کان میں دھماکے سے 40 سے زائد مزدور ہلاک ہو گئے تھے، جن میں سے 30 آپس میں رشتہ دار بھی تھے۔