رسائی کے لنکس

پاکستان کی کابل اسٹیڈیم کے باہر خودکش دھماکے کی مذمت


بدھ کو کابل میں اسٹیڈیم کے باہر جب خودکش بم دھماکا ہوا تو اس وقت حکام کے مطابق میدان میں سیکڑوں افراد میچ دیکھ رہے تھے۔

پاکستان نے کابل میں ایک کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر بدھ کو ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

کابل کے اس اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جاری تھا جس کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں تین افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی طرف سے اس حملے اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغان عوام اور حکومت سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

بدھ کو کابل میں اسٹیڈیم کے باہر جب خودکش بم دھماکا ہوا تو اس وقت حکام کے مطابق میدان میں سیکڑوں افراد میچ دیکھ رہے تھے۔

افغانستان میں 11 ستمبر کو اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تھا اور اس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے زیادہ تر کا تعلق سری لنکا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ سے ہے۔

جب دھماکا ہوا تو اس وقت میچ کے دوران وقفہ تھا لیکن دھماکے کے باجود بغیر کسی تاخیر کے میچ دوبارہ شروع ہوگیا تھا۔

اُدھر پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ مستقل امن چاہتا ہے۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق احسن نے اقبال نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دہشت گردی کو کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی دوسرے ملک کے خلاف پاکستان کی سر زمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG