رسائی کے لنکس

پاکستانی صحافی برداری کا افغان صحافیوں سے اظہار یکجہتی


کابل میں دوسرے خود کش دھماکے کے بعد افراتفری کی صورت حال
کابل میں دوسرے خود کش دھماکے کے بعد افراتفری کی صورت حال

کابل میں پیر کو یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں کم از کم آٹھ صحافیوں سمیت 29 افراد کی ہلاکت کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان میں صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ’پی ایف یو جے‘ کے ایک دھڑے کے صدر افضل بٹ نے افغان صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا۔

’’افغانستان کے صحافیوں کے ساتھ ہمیں بہت افسوس بھی ہے اور یک جہتی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ اس حوالے سے ہم سوگ کے طور پر کل کا دن منائیں گے۔ پاکستان کے مرکزی پریس کلبوں پر اس حوالے سے سیاہ پرچم لہرایا جائے گا۔‘‘

افضل بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے صحافی پر تشدد واقعات کی کوریج کے دوران اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اور اُن کے بقول ایسے واقعات سے بچنے کے لیے میڈیا ہاؤسز کو بھی اپنی پالیسی بدلنا ہو گی۔

کابل میں پہلے خودکش حملے کے بعد جب صحافی وہاں پہنچے تو دوسرا خودکش حملہ آور بھی صحافی کے روپ میں وہاں آیا اور دھماکہ کیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ سے پیر کو جاری ایک بیان میں دہرے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے اس دکھ کی گھڑی میں افغان بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں اس توقع کا اظہار بھی کیا گیا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف بہادر افغان عوام کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔

پاکستان نے ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے تک اس کے خلاف لڑنے کے عزم کو بھی دہرایا۔

XS
SM
MD
LG