پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ایک روزہ بین الاقوامی ٹیم کی قیادت بدستور مصباح الحق کریں گے۔
بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بورڈ سے مشاورت کے بعد آفریدی کو کپتان مقرر کیا۔
شاہد آفریدی 2009ء سے 2011ء تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں کھیلے گئے 19 میچوں میں سے آٹھ میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
بعد ازاں اس ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کو سونپی گئی جو رواں سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی بری کارکردگی پر اس عہدے سے علیحدہ ہو گئے تھے۔
34 سالہ آفریدی ایک روزہ میچوں میں بھی پاکستانی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور ان کی سربراہی میں کھیلے گئے 34 میچوں میں سے 18 میں پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کو آئندہ چار مہینوں میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔ یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائیں گی۔