رسائی کے لنکس

اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی پی ایس ایل فائنل کے لیے تیار


فائنل ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ہمراہ
فائنل ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ہمراہ

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل اتوار کو کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

ملک کے اس سب سے بڑے شہر میں نو سال کے بعد کرکٹ کی رونقیں عروج پر ہیں اور شائقین بے صبری سے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر یہ میچ دیکھنے کے منتظر ہیں۔

اس میچ کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ فوج کے جوان بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے انتظامیہ کے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے انتظامات کر رکھے ہیں اور تماشائیوں کو پارکنگ کے لیے مختص جگہوں سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا جا رہا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی گلیوں کو کنٹینرز لگا کر پہلے ہی بند کیا جا چکا ہے جب کہ شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لائیں۔

میچ رات آٹھ بجے شروع ہو گا لیکن اس آخری معرکے سے قبل پی ایس ایل تھری کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل تھری کے مقابلوں میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہی جس نے دس میں سے سات میچ جیت رکھے ہیں جب کہ پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر تھی لیکن اس نے پلے آف کے دونوں میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔

پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن 2016ء میں اسلام آباد یونائیٹڈ جب کہ 2017ء میں دوسرا ایڈیشن پشاور زلمی نے جیتا تھا۔

XS
SM
MD
LG