رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہیں: شاہد آفریدی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اتوار کو کولکتہ میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بڑے مقابلوں میں کھلاڑیوں پر دباؤ بہت ہوتا ہے لیکن بھارت میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے ہمیشہ بہت پرلطف رہا ہے۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم بھارت کی طرف سے مکمل سکیورٹی فراہم کیے جانے کی یقین دہانیوں کے بعد بالآخر ہفتہ کو دیر گئے کولکتہ پہنچ گئی جہاں اتوار کو اس کے کھلاڑیوں نے تربیتی مشق میں حصہ بھی لیا۔

ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے دنیائے کرکٹ کے شائقین کے لیے ہمیشہ سے ہی دلچسپی سے بھرپور رہے ہیں لیکن پاکستانی ٹیم کے بھارت جا کر میچ کھیلنے کی راہ میں اس وقت رکاوٹیں شدید ہوتی گئیں جب بعض ہندو انتہا پسند تنظیموں اور دیگر گروپوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے بھارت آنے پر اپنے سنگین ردعمل کی دھمکی دی تھی۔

اسی تناظر میں پاکستان کے بھارت کے ساتھ 19 مارچ کو ہونے والے میچ کا مقام دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کیا گیا اور بھارتی حکومت کی طرف سے مہمان ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد پاکستانی کھلاڑی بھارت پہنچے۔

اتوار کو کولکتہ میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بڑے مقابلوں میں کھلاڑیوں پر دباؤ بہت ہوتا ہے لیکن بھارت میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے ہمیشہ بہت پرلطف رہا ہے۔

"جو پریشر اچھا ہینڈل کرتا ہے وہی ٹیم جیتتی ہے جہاں تک لوگوں (تماشائیوں) کی بات ہے تو بھارت میں کرکٹ میں مجھے جتنا مزا آیا اتنا بہت کم کہیں آیا یہاں کے لوگوں سے جو پیار مجھے اور میری ٹیم کو ملا وہ یادگار رہے گا۔"

اپنی ٹیم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ماہر باؤلر تو موجود ہیں لیکن اگر بلے باز ٹیم کے منصوبے کے مطابق کارکردگی دکھا گئے تو ان کی ٹیم مقابلے اپنے حق میں کر سکتی ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ کوالیفائنگ راؤنڈ جیت کر آنے والی ٹیم سے 16 مارچ کو کھیلے گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں فتح ان کے لیے بہت ضروری ہے۔ "اس طرح کے مقابلوں میں پہلا میچ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہاں سے آپ اچھا آغاز کرتے ہو۔"

اتوار کو عمان اور بنگلہ دیش کے مابین کوالیفائنگ راؤنڈ کا میچ کھیلا جا رہا ہے اور توقع یہی ہے کہ بنگلہ دیش یہ میچ جیت جائے گا۔

XS
SM
MD
LG