رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں زمبابوے کا دورہ کرے گی


پاکستانی ٹیم 2015 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 سے جیتنے پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔ فائل فوٹو
پاکستانی ٹیم 2015 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 سے جیتنے پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔ فائل فوٹو

پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا اور زمبابوے کے ساتھ تین ملکوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے جولائی میں زمبابوے کا دورہ کرے گی۔ زمبابوے کرکٹ نے اعلان کیا ہے کہ تین ملکوں کی یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز یکم جولائی سے شروع ہو گی اور پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ اگلے روز پاکستان اور آسٹریلیا ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

تینوں ملکوں کی ٹیمیں ہر ٹیم کے ساتھ دو دو میچ کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیمیں 8 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔ یہ تمام میچ ہرارے سپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔

تین ملکوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلیں گے۔ یہ ایک روزہ میچ بولاوائیو کے کوئینز سپورٹس کلب گراؤنڈ پر ہوں گے۔ یہ ون ڈے میچ 13 سے 22 جولائی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا جب پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔

زمبابوے یکم اپریل کو 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالی فائی کرنے میں ناکام ہو گیا تھا جس کے بعد زمبابوے کرکٹ نے سینئر قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل عملے کے 13 ارکان کے کنٹریکٹ منسوخ کر دیے تھے۔ ان میں زمبابوے کے نمایاں کھلاڑی ہیتھ سٹریک اور لانس کلوسنر بھی شامل ہیں۔

زمبابوے کرکٹ کا کہنا ہے کہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پاکستان کے ساتھ ون ڈے سیریز کے لئے ایک عبوری انتخابی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

زمبابوے کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین نے کہا ہے کہ کرکٹ کی دو بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا تاکہ ہم مستقبل میں ایسی ٹیم تیار کر سکیں جو بین الاقوامی میچوں میں مسلسل حصہ لیتے ہوئے بہترین ٹیموں کے خلاف میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

XS
SM
MD
LG