رسائی کے لنکس

عمر اکمل ٹی20 ٹیم سے باہر، اظہار وجوہ کا نوٹس جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمر اکمل ڈومیسٹک کرکٹ میچ کے لیے حیدرآباد میں ہیں جہاں بعض اطلاعات کے مطابق وہ مبینہ طور پر غیر شائستہ محفل میں گئے اور وہاں پولیس نے چھاپہ بھی مارا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلے باز عمر اکمل کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم سے باہر کرتے ہوئے انھیں اظہار وجوہ کا نوٹس بھیجا ہے اور ان کے خلاف ملنے والی شکایت کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنا دی ہے۔

پی سی بی کا کہنا تھا عمر اکمل "کرکٹ بورڈ اور پاکستانی کرکٹ کے لیے تضحیک" کا باعث بنے ہیں۔ تاہم اس کی وضاحت یا تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

عمر اکمل ڈومیسٹک کرکٹ میچ کے لیے حیدرآباد میں ہیں جہاں بعض اطلاعات کے مطابق وہ مبینہ طور پر غیر شائستہ محفل میں گئے اور وہاں پولیس نے چھاپہ بھی مارا تھا۔

جمعرات کو پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں عمر اکمل کو صفائی کا پورا موقع دیا جائے گا۔

"انکوائری میں ان کو موقع ملنا چاہیئے اور اس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کے خلاف انضباطی کارروائی ہو گی یا نہیں، لیکن میں نے کہا ہے کہ انھیں معطل کر دیا جائے، وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل تھے انھیں وہاں سے ہٹا دیا ہے۔"

مختلف مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں عمر اکمل نے پی سی بی کے اس اقدام سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں نہیں معلوم کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے اور انھوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف ماضی میں بھی مختلف شکایات سامنے آتی رہی ہیں جن میں اسپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی میں ملوث ہونے کا معاملہ بھی شامل رہا ہے۔

چیئرمین شہریار خان نے اس کی وجہ کھلاڑیوں میں تعلیم کی کمی کو قرار دیتے ہوئے کہا۔

"میں آپ کو دل کی بات بتاؤں، ہمارے لڑکے جو آتے ہیں وہ اتنے پڑھے لکھے نہیں ہوتے، اب بھی ٹیم میں سوائے مصباح کے کوئی گریجوایٹ نہیں، زیادہ تر اسکولوں سے نکلے ہوتے ہیں۔ انھیں اتنا قواعد و ضوابط کا پتا نہیں ہوتا تو وہ غلط راستوں کی طرف بھی چلے جاتے ہیں اب کوشش کر رہے ہیں کہ پڑھے لکھے لڑکے ٹیم میں آئیں۔"

ادھر متحدہ عرب امارات میں رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے ممکنہ 17 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ان کھلاڑیوں میں بلے باز رفعت اللہ مہمند کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ سیریز 26 نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG