رسائی کے لنکس

پابندی ختم لیکن سلمان، عامر اور آصف کی قومی ٹیم میں شمولیت غیر یقینی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور رویے و برتاؤ کی کئی ماہ تک سخت نگرانی کی جائے گی جس کے بعد انہیں فرسٹ کلاس ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس کے بعد انہیں قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد آصف پر عائد کی گئی پانچ سالہ پابندی بدھ کو ختم ہوئی مگر ان کھلاڑیوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہ اب بھی کٹھن اور طویل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور رویے و برتاؤ کی کئی ماہ تک سخت نگرانی کی جائے گی جس کے بعد انہیں فرسٹ کلاس، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس کے بعد انہیں قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔

محمد عامر کی سزا بھی اس سال ستمبر میں ختم ہونا تھی مگر آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کے یونٹ نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان کی سزا جنوری میں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم پاکستان میں کرکٹ کے اکثر حلقے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ ان کے بقول ان کھلاڑیوں کی دوبارہ ٹیم میں شمولیت سے کرکٹ سے بدعنوانی ختم کرنے کی کوششیں متاثر ہوں گی۔

اگست 2010ء میں پاکستان کے تین کھلاڑی کپتان سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر برطانیہ میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کے بعد آئی سی سی نے ان پر بالترتیب دس، سات اور پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

بعد ازاں سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی مشروط طور پر کم کر کے پانچ سال کر دی گئی تھی۔

برطانیہ کی ایک عدالت نے دھوکہ دہی اور غیرقانونی طور پر رقوم لینے پر قید کی سزائیں بھی سنائی تھیں۔

سلمان بٹ اور محمد آصف دونوں نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ میں واپس آنے کے لیے بورڈ کی ہر شرط ماننے کے لیے تیار ہیں۔ محمد عامر پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG