رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: پاکستان کے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز، امام کی سینچری


امام الحق کا سینچری مکمل کرنے کے بعد ایک انداز
امام الحق کا سینچری مکمل کرنے کے بعد ایک انداز

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنا لیے ہیں۔ امام الحق نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے 132 رنز بنا لیے ہیں اوروہ اب بھی کریز پر موجود ہیں۔

پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو امام الحق کے ساتھ اظہر علی بھی 64 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے آسٹریلوی فاسٹ بالرز مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ کا ڈٹ کا مقابلہ کیا ۔ تاہم جب اسکور 105 پر پہنچا تو عبداللہ شفیق نیتھن لائن کی گیند پر کپتان پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔

البتہ بعد میں اظہر علی نے امام الحق کے ساتھ مل کر پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔

امام الحق نے وکٹ کے چاروں جانب شان دار شاٹس کھیلے اور دو چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 271 گیندوں پر ناقابلِ شکست 132 رنز بنائے۔

ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتنے میں کامیاب ہوتے تو ان کا فیصلہ بھی بیٹنگ کا ہی ہوتا۔

آسٹریلیا کی ٹیم 2019 کے بعد پاکستان کا دورۂ کرنے والی چھٹی ٹیم ہے اور اسی عرصے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی چوتھی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ اس سے قبل سری لنکا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم مکوں کو ملا کر پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم مکوں کو ملا کر پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز کر رہے ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں اوپنر ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ گیند بازی کرتے ہوئے۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ گیند بازی کرتے ہوئے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز نے تین میچز پر مشتمل اس ٹیسٹ سیریز کو سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر و کپتان رچی بینواور پاکستان کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کے نام سے منسوب کیا ہے۔ یہ سیریز اب 'بینو قادر ٹرافی' کے نام سے جانی جائے گی جسے حاصل کرنے کے لیے دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایکشن میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG