رسائی کے لنکس

​پاکستان 418 پر اننگز ڈکلیئر، نیوزی لینڈ بغیر نقصان کے 24 رنز


دبئی ٹیسٹ کا دوسرا دن پاکستانی بیٹسمینوں کے نام رہا۔ حارث سہیل اور بابر اعظم نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ دوسیشنز سے زائد کھیل میں کیوی بولرز صرف ایک وکٹ لے سکے۔

چار سو اٹھارہ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام پربغیر کوئی وکٹ گنوائے 24 رنز بنائے تھے۔ جیت راول 17 اور ٹام لیتھم 5 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

کرکٹ کے امور پر گہری نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 418 رنز میچ کے تقریباً 6 سیشنز میں بنے، اتنے رنز پانچ سیشنز میں بننے چاہئے تھے، پاکستانی بیٹسمینوں کو رنز کی رفتار بڑھانی چاہئے تھی۔

ٹیسٹ کے دوسرے روز جب حارث سہیل نے 81 اور بابر اعظم نے 14 رنز کے ساتھ نامکمل اننگز شروع کی تو پاکستان کا مجموعی اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز تھا۔

کیوی بولرز نے وکٹ کے حصول کے لئے بھرپور کوشش کی لیکن حارث سہیل اور بابراعظم نے وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کے دونوں سیشنز گزارے، اس دوران حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکورکی۔

حارث سہیل 147 رنز کی اننگز کھیل کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر وکٹ کیپر ویٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،حارث سہیل نے یہ اسکور بنانے کے لئے 421 گیندوں کا سامنا کیا،دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 186 رنز جوڑے۔

حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لئے آئے، دوسرے اینڈ پر بابراعظم نے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا اور ٹیسٹ میچوں میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔

پانچ کے وکٹوں کے نقصان پر اسکور 418 رنز ہوا تو کپتان سرفراز نے حیران کن طور پر میچ کے اختتام سے 45 منٹ قبل اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، اُس وقت بابر اعظم 127 اور سرفراز 30 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پہلی اننگز میں کیوی اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک 24 رنز بنالئے تھے جبکہ کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG