رسائی کے لنکس

پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی


شاہین آفریدی نے اس میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ فائل فوٹو
شاہین آفریدی نے اس میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ فائل فوٹو

تین ملکی ٹی20 سیریز کے ایک میچ میں پہلے بیٹسمینوں اور پھر بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ فخرزمان نے 73 رنز بنائے جبکہ شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی جبکہ محمد نواز کی جگہ عثمان خان کو موقع دیا گیا ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسرے ہی اوور میں حارث سہیل کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد فخرزمان اور حسین طلعت نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 80 رنز تک پہنچادیا۔ اس موقع پر حسین طلعت 30 رنز بنا کر فخرزمان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین سرفراز احمد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 14 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ اس دوران فخرزمان نے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ رواں سیریز میں یہ اُن کی دوسری نصف سنچری ہے۔ وہ 42 گیندوں پرتین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فخرزمان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رواں سال سب سے زیادہ رنزبنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ بھارت کے شیکھر دھون رواں سال اب تک 419 رنز بناچکے ہیں جبکہ فخرزمان نے 425 رنز بنائے ہیں۔

شعیب ملک نے تیزرفتار 27 رنزبنائے جبکہ آصف علی نے صرف 18 گیندوں پر ناقابل شکست 37 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لئے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹسمین پاکستان کے خلاف وہ کارکردگی نہ دکھا سکے جو اس سے پہلے میچ میں دکھائی تھی۔ ناقابل شکست 68 رنز بنانے والے آرون فنچ آج صرف 16 رنز بناسکے۔

فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے دباؤ میں نظر آئے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔ 75 رنز پر پانچ ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس طرح آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹیں گنوا کر 149 رنز بناسکی اور پاکستان نے میچ 45 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ ایلکس کیری 37 اور شارٹ 28 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

فخرزمان کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹی 20میچز کھیلے جاچکے ہیں، 8میں پاکستان نے آسٹریلیا کو زیر کیا جبکہ سات میں شکست ہوئی اور ایک ٹائی ہوا۔

تین ملکی سیریز کا حتمی معرکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 8 جولائی کو ہو گا۔

XS
SM
MD
LG