رسائی کے لنکس

دفاعی اخراجات میں پاکستان دنیا کے پہلے 20 ملکوں میں شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں پاکستان کے دفاعی اخرجات 11 ارب 40 کروڑ ڈالر رہے، جس کے بعد پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والے ملکوں کی فہرست میں 20 ویں نمبر آ گیا۔ اس فہرست میں بھارت چوتھے نمبر پر ہے۔

عالمی تھینک ٹینک سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے 2018 میں مختلف ممالک کے دفاعی بجٹ کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

تھینک ٹینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2018 میں چین اور امریکہ کے دفاعی بجٹ بڑھنے کے سبب دنیا بھر میں دفاعی اخراجات میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک کے دفاعی اخراجات کا نصف امریکہ اور چین کے دفاعی اخراجات پر مشتمل ہے۔ عالمی دفاعی اخراجات میں امریکہ کا تناسب 36 فی صد اور چین کا 14 فی صد ہے۔

عالمی ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سپری) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2018 میں پاکستان کا دفاعی بجٹ مجموعی قومی پیدوار کے چار فیصد تک پہنچ گیا جو 2004 کے بعد سے اب تک بلند ترین سطح ہے۔

پاکستان دنیا کے اُن 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہے جن کے دفاعی اخراجات ملک کی قومی پیداوار کے لحاظ سے زیادہ ہیں۔

ایک پاکستانی سیکورٹی اہل کار وزیر ستان کے علاقے وانا میں نگرانی کر رہا ہے۔ فائل فوٹو
ایک پاکستانی سیکورٹی اہل کار وزیر ستان کے علاقے وانا میں نگرانی کر رہا ہے۔ فائل فوٹو

رپورٹ کے مطابق 2009 کے بعد سے پاکستان کے دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور 2009 اور 2018 کے درمیان پاکستان کے دفاعی بجٹ میں 73 فی صد اضافہ ہوا، جب کہ 2017 اور 2018 کے مالی سال میں پاکستان کے دفاعی بجٹ میں 11 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق دنیا سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والے ممالک کی فہرست میں بھارت چوتھے نمبر پر ہے۔ بھارت کا دفاعی بجٹ ساڑھے 66 ارب ڈالر ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں دنیا کے دفاعی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈھائی فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور دفاعی اخراجات میں مجموعی طور پر 1800 ارب ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جو سال 1988 کے بعد ایک سال میں اضافے کی بلند ترین شرح ہے۔

امریکہ کا دفاعی بجٹ سب سے زیادہ ہے اور 2018 میں امریکہ کے دفاعی اخراجات 649 ارب ڈالر تھے، جب کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر چین ہے جس کا مجموعی دفاعی بجٹ 250 ارب ڈالر اور تیسرے نمبر سعودی عرب ہے، جس نے دفاعی اخراجات کی مد میں 67 ارب 60 کروڑ ڈالر خرچ کیے۔

XS
SM
MD
LG