رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں پانچ ’جنگجو‘ ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

یہ کارروائی عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف منعقدہ ایک کار ریلی کے بعد کی گئی ہے۔

پاکستان کے ایک شمال مغربی قبائلی علاقے میں بدھ کی صُبح مشتبہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق یہ کارروائی شمالی وزیرستان کے مرکزی شہر میران شاہ کے مشرق میں کی گئی۔

طلوع آفتاب سے قبل بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے ڈرون طیارے ہُرمز نامی گاؤں کی فضائی حدود میں داخل ہوئے جنہوں نے بعد میں ایک مشتبہ مکان پر چار میزائل داغے۔

میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں ’’عسکریت پسندوں‘‘ کی شناخت کے بارے میں فوری طور پرکچھ نہیں کہا گیا ہے۔

افغان سرحد سے متصل پاکستان کا یہ قبائلی خطہ القاعدہ سے منسلک حقانی نیٹ ورک کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے جس کے جنگجو مبینہ طور پر سرحد پار امریکی اور نیٹو افواج پر حملوں میں ملوث ہیں۔

یہ کارروائی پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف منعقدہ ایک کار ریلی کے بعد کی گئی ہے۔

پارٹی کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں احتجاجی ’’امن کارواں‘‘ کی منزل جنوبی وزیرستان تھی جو شمالی وزیرستان سے متصل ہے، مگر حکام نے سلامتی کے خدشات کے پیش نظر مظاہرین کو اس قبائلی علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

احتجاجی جلوس میں شرکت کے لیے امن کے داعی 30 سے زائد امریکی شہری بھی پاکستان آئے تھے۔
XS
SM
MD
LG