پاکستان کے شورش زدہ شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں اتوار کوہونے والے ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستان کےخفیہ اداروں کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ بغیر پائلٹ کے ایک امریکی طیارے نے علاقے کے اہم قصبے میراں شاہ میں واقع عسکریت پسندوں کے ایک احاطے پر دو میزائل داغے۔
میراں شاہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر واقع ہے جسے القاعدہ اور طالبان کے وابستہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
یہ حملہ ایسےوقت ہوا ہے جب دنیا امریکہ پر11ستمبر کےدہشت گرد حملوں کی دسویں برسی منا رہی ہے۔
امریکی عہدے دار پاکستان کے اندر ڈرون حملے کرنے کی بات کو پبلک میں تسلیم نہیں کرتے، تاہم نجی طور پر مختلف اخباری ذرائع کو اِس کی تصدیق کرتےرہے ہیں۔ پاکستانی راہنما اِن حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اِ نھیں ملک کے اقتدارِ اعلیٰ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔