پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بغیر پائلٹ کے مشتبہ امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق ہفتے کی رات میرعلی کے قریب استوری نامی گاؤں میں ڈرون طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف ایک مکان تھا جو حملے سے مکمل طور پر منہدم ہو گیا ہے ۔
پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے بعد یہ پہلا میزائل حملہ ہے ۔
قبائلی علاقوں میں بغیر پائلٹ کے امریکی جاسوس طیاروں سے کیے جانے والے ایسے میزائل حملوں میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ تر حملے شمالی وزیرستان میں کیے گئے جو افغانستان میں تعینات اتحادی افواج پر ہلاکت خیز حملوں میں ملوث شدت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔