رسائی کے لنکس

پاکستان میں الیکشن میں چار دن باقی؛ انتخابی سرگرمیاں تیز

پاکستان میں چار دن بعد آٹھ فروری کو عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس دوران سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم جاری ہے۔ رہنما جلسے جلوسوں میں اور پریس کانفرنس سے خطاب کرکے ایک دوسرے پر تنقید کر رہے ہیں۔ اس دوران اپنا منشور بھی عوام کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔

15:48 4.2.2024

پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر تنخواہ دگنی اور بجلی مفت کر دے گی: آصفہ بھٹو زرداری

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی ترجیح عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ہے۔

صادق آباد میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب میں آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں ایسے اسپتال قائم کیے ہیں جہاں مفت علاج کیا جاتا ہے۔

جنوبی پنجاب میں بھی اسی طرح کے اسپتال بنائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر عوام نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیرِ اعظم منتخب کیا تو وہ لوگوں کو گھروں کے ملکانہ حقوق دیں گے۔

ان کے بقول صرف پیپلز پارٹی عوام کی روزی روٹی کا سوچتی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے انتخابی وعدے ایک بار پھر دھراتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر تنخواہ دگنی کر دے گی اور تین سو یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔

16:11 4.2.2024

ایم کیو ایم لندن کا بھی الیکشن میں امیدوار سامنے لانے کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ کے برطانیہ میں مقیم بانی الطاف حسین کی قیادت میں کام کرنے والی ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ وہ بھی اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کا اعلان کریں گے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے لندن میں قائم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الطاف حسین کی قیادت میں فعال پارٹی کو مقامی میڈیا میں ایم کیو ایم لندن کا نام دیا جاتا ہے۔

ماضی میں الطاف حسین انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے رہے ہیں۔

17:26 4.2.2024

کرک میں پی ٹی آئی کا جلسہ؛ پولیس سے جھڑپیں

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان کرک میں جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ جلسے کا اہتمام اجازت کے بغیر کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق تحریکِ انصاف کے جلسے سے شیر افضل مروت نے خطاب کرنا تھا۔ البتہ ان کے جلسہ گاہ آمد سے قبل جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مشتعل افراد نے پولیس کی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور اس کے شیشے توڑ دیے۔

18:10 4.2.2024

ووٹ سے نفرت اور انتقام کی سیاست ختم کی جا سکتی ہے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر نفرت اور انتقام کی سیاست ختم کی جا سکتی ہے۔

حیدرآباد میں جلسے سے خطاب میں ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زردای کا کہنا تھا کہ جب حیدر آباد کے عوام سے کہا جائے کہ پتنگ پر مہر لگانی ہے تو جواب دینا ہے کہ پاکستان توڑنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر 300 یونٹ تک مفت میں بجلی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو شمسی توانائی سے مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG