رسائی کے لنکس

الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی صورتِ حال پر اجلاس، 'انتخابات آٹھ فروری کو ہی ہوں گے'

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر کسی کو کوئی شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں۔

16:48 1.2.2024

انتخابات ہر صورت آٹھ فروری کو ہوں گے: نگراں وزیرِ اطلاعات

نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات ہر صورت آٹھ فروری کو ہی ہوں گے۔ نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

جمعرات کو کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے رُکن کا کام گلیاں اور نالیاں بنانا نہیں بلکہ قانون سازی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا راگ الاپنے والی سیاسی جماعتیں اپنی سیاست میں جمہوریت لائیں۔

16:52 1.2.2024

کچھ عناصر بلوچستان میں پیپلزپارٹی کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

جمعرات کو خضدار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو بلوچستان کے عوام کی محرومیاں ختم کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ جبری گمشدگیوں کی شکایات بھی ختم ہوں گی۔

16:58 1.2.2024

اگلے تین دن اپنے محلے داروں اور خاندان والوں تک میرے اُمیدواروں کے نام پہنچائیں: عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپیل کی ہے کہ لوگ اگلے تین دن اپنے اہلِ خانہ اور محلے داروں کو اُن کی جانب سے نامزد کردہ اُمیدواروں کا نام اور انتخابی نشان بتائیں۔

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرے اُمیدوار کا نام اور انتخابی نشان اپنے پاس محفوظ رکھیں۔

17:14 1.2.2024

دہشت گردوں کی کارروائیاں محض ڈرانے کے لیے تھیں، الیکشن آٹھ فروری کو ہی ہوں گے: نگراں وزیرِ داخلہ

نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد پر کسی کو کوئی شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں، الیکشن آٹھ فروری کو ہی ہوگا۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی کے واقعات ڈرانے کے لیے کیے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں خصوصی سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

نگراں وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG