بنی گالا میں تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس شروع
پاکستان تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس جماعت کے سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میں شروع ہوگیا ہے جس میں جماعت کے رہنماؤں کے مطابق انتخابات کے نتائج کے بعد کی صورتِ حال اور وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے مطابق اجلاس کے بعد تحریک کے سربراہ عمران خان کی شام چار بجے پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔
'شہباز شریف آج اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملیں گے'
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور لاہور سے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی کے ایک حلقے سے انتخاب لڑنے والے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو انتخابی عمل اور نتائج پر تحفظات ہیں۔
جمعرات کو وائس آف امریکہ کے نمائندے کنور رحمان خان سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ انتخابات کے دوران کون کیا کر رہا ہے اور کس نے کیا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری جماعت مسلم لیگ (ن) نے مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس جمعرات کو شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں طلب کر لیا ہے جس میں انتخابی نتائج پر غور کیا جائے گا اور اس کے فیصلوں کی روشنی میں ہم خیال جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
سعد رفیق نے کہا کہ ان کی جماعت ہم خیال جماعتوں سے مل کر آئندہ کا لائحۂ عمل طے کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف جمعرات کو نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ملیں گے اور انہیں انتخابات کے نتائج کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔
'مسلم لیگ (ن) کو اپنی شکست کا غم ہے'
وسطی پنجاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر اور لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کو انتخابی عمل پر کوئی اعتراض نہیں اور مسلم لیگ (ن) کو بھی چاہیے کہ وہ حوصلے سے اپنی شکست برداشت کرے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے کنور رحمان خان سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ان کی جماعت صوبۂ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے رابطے تیز کرے گی اور فوری طور پر پنجاب میں آزاد حیثیت میں جیتنے والے امیدواروں سے رابطے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا بدھ کی شب عمران خان سے رابطہ ہوا تھا اور آج ہونے والے پارٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے ردِ عمل کے حوالے سے بھی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔
علیم خان نے کہا کہ ہارنے والے جماعتیں اب اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کی عادت ڈال لیں۔
کراچی: عارف علوی اور عامر لیاقت کو برتری، فاروق ستار دوسرے نمبر پر
پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ سست روی کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پہلا نتیجہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چار بجے سنایا گیا۔
جمعرات کی صبح تک جتنے بھی غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آسکے تھے ان کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کو باقی تمام جماعتوں پر برتری حاصل ہے۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ نشستیں لینے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔
کراچی کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 21 نشستوں میں سے 12 پر تحریکِ انصاف کو سبقت حاصل ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کو 6 اور پیپلز پارٹی کو 3 نشستوں پر برتری ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کو جمعرات کی صبح تک ایک نشست پر بھی برتری نہیں مل سکی ہے۔
کراچی کی جن شخصیات نے اپنے سیاسی حریفوں پر سبقت لی ان میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین شامل ہیں۔
عارف علوی قومی اسمبلی کے حلقہ 247 کراچی ساؤتھ 2 اور عامر لیاقت حسین این اے 245 کراچی ایسٹ 4 سے پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔ ان دونوں حلقوں سے ان کے مخالف امیدوار ایک ہی تھے۔ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار جو آخری اطلاعات تک دونوں حلقوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔