'حافظ صاحب نے پھول بھیجے ہیں'
ملی مسلم لیگ کی سبز جیکٹیں پہنے یہ نوجوان اردو وی او اے کی ٹیم کو اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز کے باہر ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سیکیورٹی عملے کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتا نظر آیا۔ اس نے بتایا کہ "حافظ صاحب" نے پورے پاکستان میں پولنگ اسٹیشنز میں تعینات سیکیورٹی عملے کو پھول بھیجے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا عمران خان کو 30 جولائی کو پیش ہونے کا نوٹس
رائے دہی کے عمل میں رازداری نہ برتنے کے معاملے پر پاکستان الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ، عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے۔
ضوابط کے مطابق، ووٹر کو بوتھ میں جا کر انتخابی نشان پر مہر لگانی ہوتی ہے۔
تاہم، اطلاعات کے مطابق، کیمروں کی موجودگی میں پی ٹی آئی کے سربراہ نے ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے پارٹی کے انتخابی نشان ’بلے‘ پہ اسٹمپ لگایا اور ووٹ دیتے ہوئے خفیہ طریقہٴ کار کا پاس نہیں رکھا۔
تھر میں خواتین نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے
صحرائے تھر صوبہ سندھ کا ایک دور افتادہ اور پس ماندہ علاقہ ہے ۔ وہاں ذرائع آمد و رفت بہت محدود ہیں۔ لیکن موجودہ انتخابات میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے اور پولنگ اسٹیشنوں پر ان کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں۔
کل سے نیا سورج طلوع ہوگا: شیخ رشید احمد
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’’آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے‘‘۔
بدھ کی رات گئے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے، بقول اُن کے ’’ووٹ کو عزت ملی تو شہباز شریف کی چیخیں نکل گئی ہیں‘‘۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اُن کی جیت ’’مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کی جیت ہے‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’میری زندگی کا ایک ہی مقصد تھا، وہ یہ کہ نواز شریف کو شکست دینا۔‘‘
بقول اُن کے، ’’شہباز شریف ٹھیک کہتے ہیں کہ انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے‘‘، چونکہ ’’مسلم لیگ ن نہیں جیت سکی‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’کل سے پاکستان میں ایک نیا سورج طلوع ہوگا‘‘۔
شیخ رشید نے کہا کہ ’’آزاد خارجہ پالیسی بنائی جائے گی‘‘، اور یہ کہ ’’ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے گا‘‘۔