نتائج کے اعلان میں تاخیر کا الزام
پاکستان الیکشن کمیشن نے نتائج میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ غیر حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ نئے تیکنیکی نظام ’رزلٹ منیجمنٹ سسٹم‘ میں تفصیلات کے اندارج میں زیادہ وقت صرف ہونے کی وجہ سے ہے جسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی پارٹی پوزیشن
اب تک حاصل ہونے والے غیر سرکاری نامکمل نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نون 129 نشستوں کے ساتھ آگے ہے۔ جب کہ پاکستان تحریک انصاف 122 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسری پوزیشن پر پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ اس وقت تک 34 فی صد ووٹوں کی گنتی ہوئی ہے۔
حمزہ شہباز قومی اور پنجاب اسمبلی کی نشست جیت گئے
این اے 124 لاہور 2 سے پاکستان مسلم لیگ نون لیگ کے راہنما حمزہ شہباز ایک لاکھ 39 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر جیت گئے ہیں۔ جب کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پی پی 146کی نشست پر بھی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون 129 سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، پی ٹی آئی 122 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان پیپلز پارٹی 6 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ 31 آزاد اُمیدوار بھی کامیاب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سندھ اسمبلی کیلئے پیپلز پارٹی 76 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پی ٹی آئی 22 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور ایم کیو ایم پاکستان 18 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی 66 سیٹوں کے ساتھ بہت زیادہ سبقت لیے ہوئے ہے جبکہ متحدہ مجلس عمل 9 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور عوامی نیشل پارٹی 7 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی کو 13 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور متحدہ مجلس عمل 8 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔