'شہباز شریف آج اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملیں گے'
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور لاہور سے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی کے ایک حلقے سے انتخاب لڑنے والے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو انتخابی عمل اور نتائج پر تحفظات ہیں۔
جمعرات کو وائس آف امریکہ کے نمائندے کنور رحمان خان سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ انتخابات کے دوران کون کیا کر رہا ہے اور کس نے کیا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری جماعت مسلم لیگ (ن) نے مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس جمعرات کو شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں طلب کر لیا ہے جس میں انتخابی نتائج پر غور کیا جائے گا اور اس کے فیصلوں کی روشنی میں ہم خیال جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
سعد رفیق نے کہا کہ ان کی جماعت ہم خیال جماعتوں سے مل کر آئندہ کا لائحۂ عمل طے کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف جمعرات کو نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ملیں گے اور انہیں انتخابات کے نتائج کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔
بنی گالا میں تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس شروع
پاکستان تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس جماعت کے سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میں شروع ہوگیا ہے جس میں جماعت کے رہنماؤں کے مطابق انتخابات کے نتائج کے بعد کی صورتِ حال اور وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے مطابق اجلاس کے بعد تحریک کے سربراہ عمران خان کی شام چار بجے پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا جشن
پاکستان میں بدھ کو ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آنے اور ان میں تحریکِ انصاف کی برتری کے اشاروں کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جشن منایا۔ نوجوانوں کی ٹولیاں رات گئے تک شہر کی سڑکوں پر گشت کرتی رہیں جب کہ کئی مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔
'کم از کم 30 نشستوں کے نتائج پر تحفظات ہیں'
پاکستان کی پانچ بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سیکریٹری جنرل اور جماعتِ اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کے اتحاد کو خیبر پختونخوا، بلوچستان، کراچی اور حیدرآباد سے قومی اسمبلی کم از کم 30 نشستوں پر تحفظات ہیں۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد جلیل سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی کم ازکم 30 نشستیں ایسی ہیں جہاں ایک خاص قسم کا رویہ رکھا گیا ہے۔ ان کے بقول ان نشستوں کے پولنگ اسٹیشنز پر پہلے پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس سے قبل ان کے پولنگ ایجنٹس کو بٹھانے میں حیلے بہانے سے تاخیر کی جاتی رہی اور پھر رزلٹ کی ٹیبولیشن کے مرحلے پر بھی ایجنٹس کو زبردستی باہر نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو کئی شہروں میں پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 فراہم ہی نہیں کیا گیا جس پر نتیجہ مرتب کیا جاتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمعرات کو 'ایم ایم اے' میں شامل جماعتوں کا اجلاس ہوگا جس کے بعد اتحاد ان جماعتوں کے ساتھ بھی مشاورت کرے گا جنہیں انتخابی عمل پر تحفظات ہیں۔