رسائی کے لنکس

رٹرننگ افسران غیر متعلقہ سوالات نہ پوچھیں: الیکشن کمیشن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے کراچی کے حلقہ این اے 250 میں جمع کرائے گئے کاغذات کو کراچی کے سابق ناظم نعمت اللہ خان نے یہ کہہ کر چیلنج کیا ہے کہ پرویز مشرف نے دو بار ملک کا آئین توڑا۔

پاکستان میں الیکشن کمیشن نے رٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی امیدواروں سے غیر متعلقہ سوالات نہ پوچھیں۔

یہ فیصلہ ایک روز قبل لاہور ہائی کورٹ کی طرف جاری ہونے والے حکم کے بعد سامنے آیا ہے جس میں رٹرننگ افسران کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران غیر متعلقہ سوالات پوچھنے سے اجتناب کریں۔

آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تناظر میں رٹرننگ افسران امیدواروں سے مختلف نوعیت کے مذہبی سوالات پوچھتے رہے ہیں جس پر ملک بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ میں تنقید کی جا رہی تھی۔

الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ رٹرننگ افسران کو اس ضمن میں ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

قبل ازیں کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران ایسے سوالات پوچھنے کا یہ کہہ کر دفاع کرتے رہے ہیں کہ آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ اسمبلیوں کے نمائندوں کی مذہب کی بنیادی معلومات سے آگاہی ضروری ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ ٹی وی چینلز کو کمرہ عدالت سے براہ راست کوریج کی اجازت نہیں ہوگی تاہم کاغذات نامزدگی کی رپورٹنگ کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔

عدالت عالیہ کے جج سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ امیدواروں سے ایسے سوالات نہ پوچھے جائیں جن کا کاغذات نامزدگی میں فراہم کردہ معلومات یا پھر اس شخص پر لگائے جانے والے الزامات و اعتراضات سے تعلق نہ ہو۔

جسٹس شاہ نے کہا کہ ان احکامات کا مقصد عدلیہ کے تشخص کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ملک میں غیر جانبدارانہ و شفاف انتخابات ہوں نہ کہ سیاست دانوں کے خلاف غیر ضروری کارروائی یا ان کی تحقیر ہو۔

دریں اثناء ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلی کے 20 ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ملک بھر سے کمیشن کو 23 ہزار سات سو کاغذات موصول ہوئے تھے۔ جانچ پڑتال کا عمل اتوار کو مکمل ہوگا۔

ہفتہ کو بھی متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اور ان کے مسترد کیے جانے کا سلسلہ جاری رہا۔ سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے کراچی کے حلقہ این اے 250 میں جمع کرائے گئے کاغذات کو کراچی کے سابق ناظم نعمت اللہ خان نے یہ کہہ کر چیلنج کیا ہے کہ پرویز مشرف نے دو بار ملک کا آئین توڑا۔ رٹرننگ افسر نے سابق صدر کو اس بارے میں نوٹس جاری کردیا ہے۔

ادھر یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر لارس گونر نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان میں انتخابات کا جائزہ لینے کے لیےیورپی یونین کے مبصرین کے سربراہ اتوار کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جب کہ تقریباً 50 سے زائد مبصرین بھی آئندہ ہفتے یہاں پہنچیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ یورپی یونین کے 110 انتخابی مبصر انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئیں گے جن میں سے کچھ صرف پولنگ کا جائزہ لیں گے جب کہ دیگر انتخابی مہم، عمل اور پھر ووٹوں کی گنتی کے عوامل کا جائزہ لیں گے۔

لارس گونر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کے انتخابات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے گی اور شفاف و آزادانہ انتخابات کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس کے بعد نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب نے بتایا کہ حکومت انتخابات کے لیے ایسا ماحول فراہم کرے گی جس میں لوگ بغیر کسی خوف کے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
XS
SM
MD
LG