رسائی کے لنکس

پاکستان: ووٹ کی تفصیلات موبائل فون پر


پاکستان: ووٹ کی تفصیلات موبائل فون پر
پاکستان: ووٹ کی تفصیلات موبائل فون پر

پاکستان میں انتخابی عمل کا نگران ادارہ ’الیکشن کمیشن‘ تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ افراد کی اپنے ووٹ سے متعلق تفصیلات تک آسان رسائی کے لیے بدھ سے موبائل ’ایس ایم ایس‘ سروس کا آغاز کر رہا ہے۔

الیکشن کمیشن نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئی بھی اہل ووٹر موبائل فون کے ذریعے 8300 پر اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنے حلقے، بلاک کوڈ اور سیرئل نمبر سے متعلق معلومات حاصل کر سکے گا۔

ووٹر کے ذاتی کوائف پوشیدہ رکھنے کی غرض سے اُن کا نام، ولدیت اور پتہ جوابی ایس ایم ایس میں ارسال نہیں کیا جائے گا۔

’’اس جدید ٹیکنالوجی کے متعدد فوائد ہیں جیسے کہ ووٹر کو چند سیکنڈوں میں تمام معلومات حاصل ہو سکیں گی۔‘‘

بیان کے مطابق اس سروس سے حتمی انتخابی فہرستوں میں غلطیوں کے امکانات بھی محدود ہو جائیں گے۔

انتخابی فہرستوں کا معاملہ حالیہ دنوں میں حزب اختلاف کی جماعتوں اور ذرائع ابلاغ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے کیوں کہ اپوزیشن رہنما عمران خان کی آئینی درخواست پر سپریم کورٹ نے 2008ء کے انتخابات میں استعمال کی گئی فہرستوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا، اور اس عمل کے دوران ساڑھے تین کروڑ سے زائد غیر مصدقہ ووٹوں کی نشاندہی ہوئی تھی۔

کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی بنیاد پر تقریباً اتنی ہی تعداد میں نئے ووٹروں کے ناموں کو نئی انتخابی فہرستوں میں شامل بھی کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG