رسائی کے لنکس

پاکستان: قومی گرڈ میں خرابی دور، کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ تیسرا موقع ہے کہ بجلی کی ترسیل کی نظام میں خلل واقع ہونے کے سبب اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

پاکستان میں گزشتہ رات بجلی کی ترسیل کے نظام میں خرابی کے باعث ملک کا ایک بڑا حصہ تاریکی میں ڈوبا رہا لیکن اتوار کی سہ پہر تک اسے بحال کر دیا گیا۔

اس تعطل کی وجہ سے ملک کے چاروں صوبوں کو بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔

پاکستان میں بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے کے ترجمان رانا سجاد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس تعطل کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا۔

"کل رات 11 بج کر پچاس منٹ پرصوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے نوٹل کے علاقے میں اوچ پاور پلانٹ سے ایک 220 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن سبی کو جاتی ہے اس سے ہم پورے کوئٹہ کو فیڈ کرتے ہیں وہاں اوچ ون (ترسیلی لائن) اور اوچ ٹو ترسیلی لائن) ہے، اوچ ون کو ایک ہفتے پہلے شر پسندوں نے بم لگا کر زمین بوس کر دیا تھا۔ ایک کل رات کو (تباہ) کی گئی اور اس سے سسٹم میں بیک ورڈ سرج کی وجہ سے گدو کے سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اس خرابی سے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی بجلی بری طرح متاثر ہوئی۔"

رانا سجاد نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کی بحالی کے لیے فوری کام شروع کر دیا گیا تھا اور اب ملک بھر میں بجلی کی معمول کے مطابق فراہم کی جارہی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ تیسرا موقع ہے کہ بجلی کی ترسیل کی نظام میں خلل واقع ہونے کے سبب اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے عہدیداروں کے بقول جہاں بجلی کی پیداوار کے نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں وہیں پہلے سے موجود منصوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب ساڑھے گیارہ ہزار میگاواٹ ہے جب کہ ساڑھے سات ہزار میگاواٹ پیدا ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG