رسائی کے لنکس

سفارتی تناؤ کم کرنے کا میکنزم تیار کر لیا: اعزاز چوہدری


Pakistan Embassy upgraded Consular section inauguration
Pakistan Embassy upgraded Consular section inauguration

واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں قونصلر خدمات کو بہتر بنانے کے لئے قونصلر سیکشن کی توسیع اور تزین وآرائش کر کے یہاں جدید ترین سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ دنوں ان نئی سہولیات کا افتتاح کیا گیا۔ پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں نئے قونصلر سیکشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتکاروں کو بڑی عزت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان کے سفارتکاروں کو بھی عزت دی جائے۔

پاکستانی سفارتخانے میں ہر روز تقریبا دو سو پاکستانی اور غیر ملکی ویزہ اور دیگر ضروریات کے لئے آتے ہیں۔ ان افراد کو قونصلر خدمات کی فراہمی کے لئے موجودہ دفاتر میں گنجائش کم پڑ گئی تھی۔ دفتر میں توسیع اور تزین و آرائش کر کے یہاں جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کے بقول

ہماری خواہش تھی کہ سفارتخانے میں اگر کوئی آئے تو اسے محسوس ہو کہ وہ اپنے گھر کے سب سے خوبصورت اور پرآسائش جگہ پر آ گیا ہو۔ ساتھ ہی تمام اسٹاف کو کہا ہے کہ وہ آنے والوں کے ساتھ رویہ خوش اخلاق رکھیں کیونکہ سفارتخانہ پاکستان کا تاثر بہتر کرنے کی پہلی سڑھی ہے۔

قونصلر سیکشن کے انچارج سعید علی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید سہولیات سے پاکستانی کمیونٹی میں پاکستان کا بہتر تاثر پیدا ہو گا۔ ان کے بقول ہر روز دو افراد کو قونصلر خدمات فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکیوں کو ایک دن میں ویزہ دیتے ہیں اور اگر کوئی ضرورت مند ہو یا ایمرجنسی کی صورتحال ہو تو ہنگامی بنیادوں پر محض پندرہ منٹ میں بھی ویزہ جاری کر دیتے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ نئی سہولتوں کے تحت لوگوں کو بیٹھنے کے لئے نہایت صاف ستھری اور پرآسائش نشتیں لگائی گئی ہیں جبکہ کمپیوٹرائز نمبرنگ کے ذریعہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کا نظام بھی مرتب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ سفارتکاروں پر پابندی کے حوالے سے پاک امریکہ تعلقات میں جو تناو آیا ہے اس کے حل کے لئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان سفارتکاروں کی بڑی عزت کرتا ہے اور انھیں غیر معمولی سہولیات فراہم کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ اس کے سفارتکاروں کو بھی عزت دی جائے۔

پاکستانی سفیر نے تصدیق کی کہ پاکستان میں امریکی سفارتی عملے کو ہراساں کئے جانے کی شکایات ہیں جس کے ازالے کے لئے میکنزم تیار کیا گیا ہے ۔ ڈی جی ایم کی سطح کا ایک افسر ہمہ وقت تمام شکایات کے ازالے کے لئے موجود ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سفارتکاروں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔

انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس میکنزم کو امریکی حکام تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں تاہم انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ اسی میکنزم کے تحت تمام شکایات کا ازالہ ہوجائے گا

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات پاکستان کے لئے بھی اہم ہیں اور خود امریکہ کے لئے بھی اہم ہیں اس لئے ہماری خواہش ہے کہ باہمی مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کر لیا جائے۔

پاک امریکہ تعلقات میں حالیہ تناو کے دوران دونوں ممالک نے سفارتکاروں پر چند پابندیاں عائد کی ہیں جس کے نتیجے میں قونصلر خدمات متاثر ہونے کا امکان ہے۔ تاہم توقع یہی کی جا رہی ہے کہ بات چیت کے ذریعہ اس مسئلے کا حل جلد نکال لیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG