رسائی کے لنکس

فاسٹ باؤلر راحت علی ورلڈ کپ کرکٹ ٹیم میں شامل


پاکستانی ٹیم (فائل فوٹو)
پاکستانی ٹیم (فائل فوٹو)

26 سالہ راحت علی نے صرف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انھوں نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف میچ کھیلا تھا۔

پاکستان نے رواں ماہ شروع ہونے والے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے اپنی ٹیم میں فاسٹ باؤلر جنید خان کی جگہ راحت علی کو شامل کیا ہے۔

جنید خان زخمی ہونے کے بعد فٹنس ٹیسٹ میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے تھے جس بنا پر انھیں کرکٹ کے عالمی کپ کےلیے پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ راحت علی نے اپنے کریئر میں اب تک صرف ایک ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا ہے جس میں وہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ یہ میچ بھی انھوں نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔

تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا ریکارڈ بہتر رہا ہے اور اب تک کھیلے گئے 11 ٹیسٹ میچوں میں انھوں نے 31 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ انھوں نے آخری ٹیسٹ گزشتہ سال نومبر میں شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

حالیہ دنوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست فاش پر پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی سخت تنقید کا سامنا ہے اور اب راحت علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر بھی کرکٹ کے حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ٹیم انتظامیہ کیا سوچ رہی ہے۔

"ایک ایسا باؤلر جسے آپ نے صرف اس وجہ سے ون ڈے سے باہر کر دیا کہ یہ رنز بہت زیادہ دیتا ہے اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ٹھیک ہے اب اسے آپ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کر رہے ہیں۔۔۔کیا منصوبہ بندی ہے مجھے تو سمجھ نہیں آتی۔"

کرکٹ بورڈ یہ کہہ چکا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی کارکردگی اور فٹنس کو مدنظر رکھ کر کیا گیا۔

کرکٹ کا گیارہواں عالمی کپ 14 فروری سے شروع ہو رہا ہے جس کی مشترکہ میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایڈیلڈ میں کھیلے گا۔

پاکستان نے اب تک صرف ایک بار یعنی 1992ء میں عالمی کپ جیتا تھا جب کہ 2011ء میں ہونے والے آخری ورلڈ کپ میں اسے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جس کے بعد بھارت سری لنکا کو شکست دے کر عالمی کپ کا فاتح بنا۔

XS
SM
MD
LG