رسائی کے لنکس

میلبورن ٹیسٹ، پاکستان کے 4 وکٹوں پر 142 رنز


پاکستانی بلے باز اظہر علی نے نہ صرف کیریئر کی 25 ویں نصف سنچری اسکور کی بلکہ کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

میلبورن کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز پیر کو کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 142 رنز بنائے جب کہ اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اوپنر اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

بارش کے باعث پیر کو 50 اعشاریہ 5 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپنرز ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور جلد ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم صرف 9رنز بنا کر لائیون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، بابر اعظم بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے وہ 23 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔

اظہر علی 25 ویں نصف سنچری بنانے میں کامیاب

اس دوران اظہر علی نے نہ صرف کیریئر کی 25 ویں نصف سنچری اسکور کی بلکہ کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ اس سے قبل محسن خان، انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان (دومرتبہ) یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

سینیئر بیٹسمین یونس خان اس بار بھی بڑا اسکور نہ کر سکے اور 21 رنز پر برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کپتان مصباح الحق صرف 11 رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے برڈ نے 2 جب کہ ہیزل ووڈ اور لائیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیل کے دوران بارش کے باعث تعطل پیدا ہوا جسے چائے کے وقفے میں تبدیل کر دیا گیا لیکن بارش کا سلسلہ جاری رہا اور کھیل ختم کرنا پڑا۔

میچ کے اختتام پر اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 9 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 5 اور پاکستان نے دو میں کامیابی حاصل کی۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 39رنز سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG