رسائی کے لنکس

'اپوزیشن جھوٹی ہے، میڈیا آزاد ہے'


عامر ڈوگر، رہنما پاکستان تحریک انصاف
عامر ڈوگر، رہنما پاکستان تحریک انصاف

پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما کو عوام سے کوئی غرض نہیں۔ وہ صرف اپنی ذات کے لیے شور مچا رہے ہیں۔ ملک میں میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ اپوزیشن نے یوم سیاہ اس لیے منایا کہ ان کے اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ان کے چہرے سیاہ ہو گئے ہیں۔

ان کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ وہ سارا شور شرابہ اس لیے کر رہے ہیں تاکہ انہیں این آر او مل جائے اور کرپشن کی وجہ سے جو رہنما جیلوں میں ہیں، وہ چھوٹ جائیں۔ یہ شور ان کی اپنی ذات کے لیے ہے۔ عوام سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔ اگر وہ عوام سے اتنے ہی مخلص ہوتے تو ملک کی آج یہ صورت حال نہ ہوتی۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ تمام چینل، پورے پاکستان کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا آزاد ہے۔ اظہار رائے کی جتنی آزادی اس حکومت کے دور میں ہے، کسی سابق دور میں مجھے تو نظر نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ میڈیا کو کسی جگہ سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ میڈیا آزاد میڈیا ہے۔ اپوزیشن یہ بات اس لیے کرتی ہے کہ وہ خود ماضی میں حکومتی بیساکھیوں کے بل بوتے پر اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرتی رہی ہے۔ اس وقت ملک میں ایسی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کام ہو رہا ہے۔ حکومت کے اتحادیوں کو اس سلسلے میں کچھ تحفظات ہیں جنھیں دور کیا جا رہا ہے۔ لیکن ہوم ورک ہو چکا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کہاں بنانا ہے۔ کیا کیا کام کرنے ہیں۔ صرف ایک سیاسی فیصلہ ہونا ہے جو وزیراعظم عمران خان اپنے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کریں گے۔ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ ہم بنائیں گے۔

XS
SM
MD
LG