رسائی کے لنکس

'شدت پسندوں کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا'


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)

پاکستان اپنے لوگوں کی جان و مال اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پیر کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت ملک میں بسنے والے تمام افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں نا صرف ضروری قانون سازی کی گئی بلکہ ان کے نفاذ کے لیے ڈھانچہ بھی بنایا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت ملک میں جمہوریت، اداروں کے استحکام اور معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ایسے غیر ریاستی عناصر کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی جن سے عوام کے جان و مال کو خطرہ ہے اور دہشت گردوں کو کسی طور اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اپنا ایجنڈا زبردستی کسی پر تھونپیں۔

’’ہم اپنے لوگوں کی جان و مال اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں ہزاروں فوجی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔‘‘

حال ہی میں پاکستان کو تیسری مرتبہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی) کا رکن منتخب کیا گیا جس کے بعد ملک میں مختلف حلقوں کی جانب سے اس توقع کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اس سے اندرون ملک انسانی حقوق کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں فرقہ وارانہ تشدد اور جبری گمشدگیوں کے واقعات میں اضافے پر انسانی حقوق کے سرگرم کارکن تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو ایسے واقعات کے سدباب کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
XS
SM
MD
LG