رسائی کے لنکس

ہنزہ میں متاثرین کے لیے حکومت کے امدادی پیکج کا اعلان


وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ہنزہ کے عطاآباد کے علاقے میں پہاڑی تودے گرنے سے بننے والی مصنوعی جھیل سے متاثرہ ہونے والے تقریباً 500 خاندانوں کی بحالی کے لیے ا امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ان خاندانوں کو لاکھوں روپے کی نقدامدادکے علاوہ خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بدھ کے روزاسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم گیلانی نے بتایا کہ جھیل سے ہونے والے نقصانات کے مکمل جائزے کے بعد امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے اوراسکی شفاف ترسیل کوبھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی جھیل سے مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو چار لاکھ روپے جب کہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر نو کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو آئندہ چھ ماہ کے لیے پانچ ہزار روپے ماہانہ اخراجات کی مد میں بھی ادا کیے جائیں گے جب کہ ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سست اور گلمت کے مقام پر فوری پر اپنے مراکز قائم کرے۔

ہنزہ جھیل کے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرتے وقت وزیراعظم نے بتایا کہ اس پر فوری طور پر عمل درآمد کے لیے ایک مناسب رقم گلگت بلتستان کی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت کی کوتاہی کی وجہ سے ہنزہ میں متاثرین کو اس بحران کا سامنا کرناپڑا۔

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ ہنزہ کی مصنوعی جھیل سے پانی کے اخراج کے لیے اسپل وے کی تعمیر اور متاثرین کی فوری امداد اور اُن کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت دیگر اقدامات پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ جب کہ غیر سرکاری تنظیموں نے بھی اپنے طور پر علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔

وزیراعظم گیلانی نے گذشتہ ہفتے دورہ ہنزہ کے موقع پر کسی امدادی پیکج کا اعلان نہیں کیا تھا جس پر متاثرین نے شدید احتجاج کیا تھا اورحکومت سے فور ی مدد کامطالبہ کیا تھا۔

ہنزہ میں چار جنوری کو بننے والی مصنوعی جھیل میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے اورماہرین کا کہنا ہے جھیل پر پانی کے اخراج کے لیے بنائے گئے راستے یا اسپل وے سے چند روز میں اخراج شروع ہو جائے گا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) نے بھی بدھ سے ہنزہ جھیل کے متاثرین کے لیے امدادی اشیاء کی ترسیل شروع کر دی ہے ۔ ادارے کے جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ مقامی انتظامیہ کو متاثرین کی بہتر دیکھ بھال کے لیے خصوصی تربیت کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG