رسائی کے لنکس

عمران خان کا 30 ستمبر کو رائے ونڈ کی طرف مارچ کا اعلان


عمران خان (فائل فوٹو)
عمران خان (فائل فوٹو)

سینیئر سیاسی تجزیہ کار احمد بلال محبوب کہتے ہیں سڑکوں پر احتجاجی مہم شروع کرنا قدرے آسان ہوتا ہے لیکن یہ کیا رخ اختیار کرتی ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

پاکستان میں حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف اپنی تحریک کے سلسلے میں اپنے کارکنوں کے ہمراہ رواں ماہ کے اواخر میں رائے ونڈ کی طرف مارچ کریں گے۔

لاہور کے مضافات میں واقع رائے ونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ ہے اور حزب مخالف کی دیگر جماعتیں اور سیاسی حلقے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے رائے ونڈ مارچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔

لیکن اتوار کو اسلام آباد میں اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مارچ ضرور ہوگا اور ان کے بقول یہ پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ثابت ہوگا۔

"30 تاریخ کو میں سارے پاکستان سے جو بھی تحریک انصاف میں ہے ملک کے جس بھی حصے میں ہے۔۔۔۔میں سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ 30 تاریخ کو آپ نے رائے ونڈ پہنچنا ہے۔ رائے ونڈ مارچ سارے پاکستان سے شروع ہو گا اور 24 تاریخ سے تیاریاں شروع۔"

انھوں نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تحریک انصاف ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سڑکوں پر نکلی ہے۔

رواں سال اپریل میں وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے نام بیرون ملک اثاثے رکھنے کے انکشافات کے بعد سے عمران خان کی وزیراعظم پر تنقید میں شدت آئی جب کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت اور حزب مخالف کی مشترکہ کمیٹی بھی کسی بات پر تاحال متفق نہیں ہوسکی۔

حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ صرف وزیراعظم کو ہدف بنا کر معاملے پر سیاست کر رہے ہیں اور انھیں چاہیے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے وہ سڑکوں پر نکلنے کی بجائے پارلیمان میں اس بارے میں قانون سازی میں حصہ لیں۔

سینیئر سیاسی تجزیہ کار احمد بلال محبوب کہتے ہیں سڑکوں پر احتجاجی مہم شروع کرنا قدرے آسان ہوتا ہے لیکن یہ کیا رخ اختیار کرتی ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں سیاسی کشیدگی بہتر نہیں ہوگی۔

حزب مخالف کی دیگر جماعتوں کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے گھروں کی طرف مارچ کی روایت کسی طور بھی درست نہیں اور اس سے انتشار کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔ تاہم عمران خان کہتے ہیں کہ وہ رائے ونڈ جائیں گے جہاں صرف وزیراعظم ہی نہیں رہتے بلکہ یہ ایک جگہ ہے جو ان کے بقول کسی کی جاگیر نہیں۔

XS
SM
MD
LG