رسائی کے لنکس

منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاک بھارت اجلاس


ملک کو پوست کی کاشت سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں، پاکستانی حکام
ملک کو پوست کی کاشت سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں، پاکستانی حکام

پاکستان اور بھارت کے انسداد منشیات کے اعلیٰ عہدیداروں کا آٹھوں اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ دو روزہ اجلاس کے اختتام پر دونوں پڑوسی ممالک کے متعلقہ عہدیداروں نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قریبی دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں شریک دونوں ممالک کے وفود نے قابل عمل انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ جاری رکھنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کے آر پار اسمگلنگ کے انسداد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی انسداد منشیات فورس کے سربراہ میجر جنرل سید شکیل حسین جب کہ بھارتی وفد کی قیادت منشیات کنٹرول بورڈ کے سربراہ شری او پی ایس ملک نے کی۔ دونوں ملکوں نے منشیات کی مانگ میں کمی اور اسمگلنگ کی روک تھام کی مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے۔

بیان میں کہا گیا کہ مفاہمتی یاداشت اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گی۔ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام نے انسداد منشیات کے اعلیٰ عہدیداروں کی سطح پر ہر سال مذاکرات پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستانی وزارت انسداد منشیات کے سیکرٹری سہیل احمد نے بھارتی وفد کو بتایا کہ ان کے ملک نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی بنا رکھی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت ملک کو پوست کی کاشت سے پاک رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

گذشتہ ہفتے افغانستان میں انسداد منشیات کی چار ملکی کانفرنس سے خطاب میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ میجر جنرل سید شکیل حسین نے کہا تھا کہ پاکستان منشتیات کے انسداد کے لیے مخلصانہ اور موثر کوششیں کر رہا ہے اور گزشتہ 10 برسوں میں پہلی مرتبہ رواں سال پاکستان کو پوست کی کاشت سے پاک ملک قرار دے دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG