رسائی کے لنکس

نواز شریف کی بھارت میں زلزلہ متاثرین کے لیے مدد کی پیشکش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی وزیراعظم نے حالیہ زلزلے سے متاثرہ بھارتی خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے جمعرات کو اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے گزشتہ ہفتے آنے والے شدید زلزلے میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

25 اپریل کو نیپال میں آنے والے شدید زلزلے سے بھارت کے علاقے بھی متاثر ہوئے اور وہاں تقریباً 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد یہ ظاہر ہوا کہ آفات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نے حالیہ زلزلے سے متاثرہ بھارتی خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اُدھر پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ جنوبی ایشیا کو حالیہ برسوں میں کئی قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات بڑے واضح ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستانی وزیراعظم اپنے بھارتی ہم منصب کے نام خط میں اس معاملے پر جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تنظیم سارک کے تحت قریبی رابطوں پر زور دیا تھا۔

نیپال میں زلزلے سے پانچ ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ملک کے وزیراعظم اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

پاکستان اب تک امدادی سامان سے بھرے کئی جہاز نیپال بھیج چکا ہے جب کہ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم بھی وہاں لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG