رسائی کے لنکس

ایبٹ آباد آپریشن: ’تحقیقاتی کمیشن جلد تشکیل دے دیا جائے گا‘


ایبٹ آباد آپریشن: ’تحقیقاتی کمیشن جلد تشکیل دے دیا جائے گا‘
ایبٹ آباد آپریشن: ’تحقیقاتی کمیشن جلد تشکیل دے دیا جائے گا‘

وفاقی حکومت نے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف کی اس تنقید کو مسترد کر دیا ہے کہ حکومت دو مئی کو ایبٹ آباد میں ہونے والے واقعے کی تحقیقات کے لیے غیر جانب دار کمیشن کے قیام میں تاخیر کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ کمیشن کے ارکان کے ناموں کا فیصلہ صلاح مشورے سے ہو گا۔

”پاکستان کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم قومی مفادات پر سیاست نہ کریں اور یہ کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بنے گا، کسی کی ڈکٹیشن سے نہیں۔“

وفاقی وزیر اطلاعات کی طرف سے پیپلز پارٹی کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت کا یہ موقف ایک روز قبل نواز شریف کی لاہور اور سرگودھا میں کی گئی تقریروں کے جواب میں سامنے آیا ہے جن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا تھا کہ ایبٹ آباد کے واقعے پر آزاد کمیشن کے قیام سے متعلق پارلیمان کی متفقہ قرار داد پر عمل درآمد کا حکومت اپنا وعدہ پورا نہیں کر رہی ۔

نواز شریف نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ حکومت نے پارلیمان کی متفقہ قرار داد کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔

وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس کمیشن کے قیام کا پارلیمنٹ میں سب کے سامنے وعدہ کیا ہے اور وہ یقینا اسے پورا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے اور وہ امید کرتی ہیں کہ اس کے دوران کمیشن کے سربراہ اور ممبران کے ناموں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

دریں اثنا سندھ حکومت نے کراچی میں پاک بحریہ کی مہران ایوی ایشن بیس پر عسکریت پسندوں کے حالیہ حملے کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مہران بیس پر مسلح حملہ آوروں کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی کے نتیجے میں سمندری حدودکی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے پاک بحریہ کے دو طیارے تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کے دس ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سولہ گھنٹے جاری رہنے والی لڑائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG