رسائی کے لنکس

کراچی میں پہلے ’پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ کی تیاریاں


گورنر سندھ نے کہا ہے کہ ’’ایک زمانے میں کراچی فلم سازی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔ یہاں وحید مراد، محمد علی، ندیم اور شکیل جیسے کئی اور اسٹارز موجود تھے۔ اس کے بعد یہ انڈسٹری لاہور منتقل ہوگئی۔ لیکن، اب یہ واپس کراچی آچکی ہے اور یہاں ورلڈ کلاس فلمیں بنائی جارہی ہیں‘‘

فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے شیدائی کراچی والوں کے لئے یقیناً یہ خوش خبری ہے کہ شہر میں جلد ہی ایک اور فلمی میلہ سجنے والا ہے۔

کراچی فلم سوسائٹی یعنی ’کے ایف ایس‘ نے شہر میں پہلا ’پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ منعقد کرانے کے لئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ فیسٹیول آئندہ سال مارچ میں ہوگا۔

فیسٹیول کے لئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے گورنر ہاؤس سندھ میں آئی ایف ایف نے ایک ڈنر کا اہتمام کیا جس میں گورنر سندھ محمد زبیر سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ہم ٹی وی کی بانی سلطانہ صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’فیسٹول کے انعقاد کا مقصد فلم انڈسٹری کی بنیاد مضبوط کرنا ہے، جبکہ -کراچی فلم سوسائٹی‘ بنانے کا مقصد پاکستان میں فلم میکنگ کو مثبت انداز میں سپورٹ کرنا ہے۔‘‘

کے ایف ایس کے صدر ابرار الحسن کا کہنا تھا کہ ’’کراچی ہمیشہ سے پاکستان میں فلم سازی کا مرکز رہا ہے۔ اسی لیے کے ایف ایس کے تحت شہر قائد میں پہلے ’پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ فیسٹیول کے ذریعے جنوبی ایشیاء کے فلمسازوں کو نئی نسل کے فلم میکرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔‘‘

ابرار الحسن نے بتایا کہ ’’فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ ورک شاپس، پینل گفتگو، پوسٹرز کی نمائش، فلموں کی تاریخ، فوٹوگرافی اور موسیقی بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گی۔‘‘

ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق، گورنر سندھ محمد زبیر جو ’پی آئی ایف ایف‘ کے سرپرست بھی ہیں، ان کا کہنا تھا ’’مجھے بھی فلمیں دیکھنا پسند ہے۔‘‘

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ، ’’ایک زمانے میں کراچی فلم سازی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔ یہاں وحید مراد، محمد علی، ندیم اور شکیل جیسے کئی اور اسٹارز موجود تھے۔ اس کے بعد یہ انڈسٹری لاہور منتقل ہوگئی۔ لیکن، اب یہ واپس کراچی آچکی ہے اور یہاں ورلڈ کلاس فلمیں بنائی جارہی ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG