رسائی کے لنکس

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو فرانس میں ایک تقریب کے دوران گولڈ میڈل پہنا دیا گیا


 پاکستانی ایھتلیٹ ارشد ندیم کو فرانس میں ایک تقریب میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد ، اپنا میڈل دکھا رہے ہیں ، فوٹو رائٹرز 9 اگست 2024
پاکستانی ایھتلیٹ ارشد ندیم کو فرانس میں ایک تقریب میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد ، اپنا میڈل دکھا رہے ہیں ، فوٹو رائٹرز 9 اگست 2024

  • پاکستانی ایھتلیٹ ارشد ندیم کو فرانس میں ایک تقریب کے دوران گولڈ میڈل پہنا دیا گیا ہے۔
  • پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو مقابلے میں اپنی دوسری تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹر پھینک کر اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
  • جب میں نے تھرو پھینکی تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے: ارشد ندیم
  • ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
  • ارشد کی کامیابی کے بعد ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں خوشی کا سماں
  • حکومتِ سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ویب ڈیسک _

پیرس اولمپکس میں گزشتہ روز جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے پاکستانی ایھتلیٹ ارشد ندیم کو فرانس میں ایک تقریب کے دوران گولڈ میڈل پہنا دیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں رنر اپ بھارت کے نیرج چوپڑہ اور تیسرے نمبر پر آنے والے گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرکو بھی میڈلز دیے گئے۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں نہ صرف گولڈ میڈل جیت لیا بلکہ زیادہ دور نیزہ پھینکنے کا اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر لیا ہے۔

ارشد ندیم کو ان کی اولمپکس کارکردگی کے بعد کیا تحفے انعام ملے؟

اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے گولڈ جیتنے کے لیے 50,000 امریکی ڈالر

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان ۔ میاں چنوں میں ارشد ندیم کے نام سے سپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان۔

میئر کراچی کا ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی 20 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ارشد کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

ارشد ندیم اپنے میڈل کے ساتھ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، فوٹو اے ایف پی 9 اگست 2024
ارشد ندیم اپنے میڈل کے ساتھ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، فوٹو اے ایف پی 9 اگست 2024

اے آر وائی کے سلمان اقبال کی جانب سے اپارٹمنٹ کا تحفہ

پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے 10 لاکھ روپے کے ایک اور انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال ارشد کو اولمپکس کی تیاری کے لیے 1 ملین روپے کا انعام بھی دیا تھا۔

گلوکار علی ظفر نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

پبلک نیوز نے ارشد ندیم کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر دیا۔

پاکستان جی او (گیس اور تیل) کی جانب سے ایک نئی کار اور زندگی بھر کے لیے مفت پیٹرول

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ پاکستان کی طرف سے 5 ملین۔

ارشد ندیم کی کامیابی پر پاکستان اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کا جشن

ارشد ندیم کی کامیابی پر نہ صرف پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی ان کی کامیابی پر خوش ہیں۔

ارشد ندیم کے گھر میں ان کی کامیابی کے بعد جشن کا سمان، فوٹو اے ایف پی 9 اگست 2024
ارشد ندیم کے گھر میں ان کی کامیابی کے بعد جشن کا سمان، فوٹو اے ایف پی 9 اگست 2024

پاکستانی سیاست دانوں سمیت کھیلوں کے شعبے سے وابستہ شخصیات اور اداکاروں نے انہیں مبارک باد دی ہے جب کہ کئی نے ان کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے میں جمعرات کو بھارت کے نیرج چوپڑا اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہے تھے اور مجموعی طور پر پانچ ایتھلیٹس کے درمیان میڈلز کا مقابلہ تھا۔

مقابلے کا آغاز ہوا تو ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹر پھینک کر اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس تھرو کے بعد ارشد نے فضا میں ہاتھ بلند کر کے جشن بھی منایا۔

ارشد کے مطابق "جب میں نے تھرو پھینکی تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میرا ہاتھ میرے ساتھ نہیں ہے اور مجھے لگا کہ یہ ورلڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔"

ارشد ندیم کے مدِ مقابل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا جب اپنی آخری تھرو زیادہ دور پھینکنے میں ناکام ہوئے تو ارشد سجدہ ریز ہو گئے۔

ارشد ندیم فائل فوٹو
ارشد ندیم فائل فوٹو

ارشد کے مطابق وہ گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پرامید تھے اور انہیں لگتا تھا کہ آج ان کا دن ہے۔

چوپڑا کو جیولن تھرو مقابلے میں فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن وہ 89 اعشاریہ 45 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور سلور میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

چوپڑا نے کہا کہ وہ اپنی آج کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں کیوں کہ مدِ مقابل ارشد کے مقابلے میں ان کی تکنیک اور تھرو پھینکے کی دوڑ درست نہیں تھی۔

ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ اس سے قبل 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ارشد کی کامیابی کے بعد ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں خوشی کا سماں ہے۔ رات گئے سینکڑوں افراد ان کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور آتش بازی کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

حکومتِ سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں ایتھلیٹ اکیڈمی بنائی جائے گی جسے ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

میئر سکھر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج دینے اور زیرِ تعمیر اسٹیڈیم کا نام ارشد ندیم کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح گورنر سندھ نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

(اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔)

فورم

XS
SM
MD
LG