پاکستان کے فاسٹ باؤلر جنید خان زخمی ہونے کے باعث دورہ نیوزی لینڈ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنید خان ایک عرصے سے فٹنس کے مسائل سے دوچار ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے انھیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن دائیں گھٹنے میں تکلیف کے سبب وہ دوبارہ ان فٹ ہو گئے۔
کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ان کی فٹنس دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں یا نہیں۔
25 سالہ جنید خان گزشتہ ہفتے تربیتی کیمپ کے دوران کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ اگر وہ ورلڈ کپ تک مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے تو بلاول بھٹی کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
منگل کی رات پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچے گی۔
23 سالہ بلاول بھٹی نے آٹھ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انھوں نے 59 کی اوسط سے صرف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گا۔