رسائی کے لنکس

15 ممالک میں 4700 سے زائد پاکستانی قید


15 ممالک میں 4700 سے زائد پاکستانی قید
15 ممالک میں 4700 سے زائد پاکستانی قید

15 ممالک میں 4700 سے زائد پاکستانی قید
15 ممالک میں 4700 سے زائد پاکستانی قید

پاکستان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے 12 ملکو ں کے علاوہ افغانستان ، چین اور بنگلہ دیش میں اُس کے چار ہزار سات سو تریسٹھ شہری دہشت گردی ، منشیات کی سمگلنگ، جعل سازی اور ان ملکوں میں غیر قانونی داخلے سمیت مختلف جرائم میں قید ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں اپنے ایک تحریری بیان میں بتایا ہے کہ ان ممالک میں سب سے زیادہ قیدی سعودی عرب میں ہیں جن کی تعداد 1783 ہے جب کہ دبئی میں 853 اور ابوظہبی میں لگ بھگ آٹھ سو پاکستانی شہری قید ہیں۔

مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک جہاں پاکستانی شہری قید ہیں اُن میں عمان، بحرین ، کویت، قطر، ایران، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں اس وقت 265 پاکستانی شہری قید ہیں جن میں سے 121 کو افغان عدالتیں سزا سنا چکی ہے جب کہ 144کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔ افغانستان میں گرفتارہونے والے پاکستانیوں کی اکثریت پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

چین میں 258 جب کہ بنگلہ دیش میں 20 پاکستانی قیدی ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کو منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں حراست میں لیا گیا ہے ۔

وزیرخارجہ نے اپنے تحریر ی بیان میں بتایا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور اُن کے مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارت اُمور خارجہ میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے اور اس کی وساطت سے میزبان ممالک کی حکومتوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اُن پاکستانی قیدیوں کو ہمدردانہ بنیادوں پر رہا کر دیں جو معمولی نوعیت کے جرائم میں جیلوں میں بند ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ برطانیہ ، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے ساتھ اُس نے سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کر رکھا ہے لیکن باقی ممالک کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG