رسائی کے لنکس

کراچی شہر میں کہانیاں سناتے مصوری کے شاہکار


’’سات کہانیاں‘‘ کے عنوان سے لگائی گئی گروپ نمائش میں ہر تصویر ایک علیحدہ اور منفرد داستان سناتی نظرآرہی ہے۔

آپ نے کہانیاں اور قصے صرف کتابوں میں پڑھے ہوں گے یا اپنے بزرگوں سے سنے ہوں گے مگر اب کراچی کے نوجوان مصور اپنے مصوری کے شاہکاروں کے ذریعے سنارہے ہیں معاشرے کی کہانیاں۔

’سات کہانیاں‘ کے عنوان سے سات مصوروں کی تخلیق کردہ تصاویر کراچی کی آرٹ گیلری میں نمائش کیلئے پیش کی گئیں ہیں۔ مصوری کے ان شاہکاروں میں معاشرے میں رونما ہونےوالے حالات کو رنگوں میں قید کرکے پینٹنگ کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔

گروپ شو میں شامل نوجوان مصورعماد طاہر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اپنی تخلیق کردہ ایک پینٹنگ کے بارے میں بتایا کہ ’’یہ تصویر ایسے بچے کی داستان سنارہی ہے جو بچہ پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بننا چاہتا ہے مگر معاشرے کی تلخیاں اور ظلم اس کو آگے بڑھنے سے روکتے ہیں جس کی وجہ سے اس کے خوبصورت خواب چکنا چور ہوجاتے ہیں۔‘‘

دوسری جانب مصور نوید اختر کی تصویر میں قدرتی حقیقت کے راز نمایاں تھے۔ جس میں زمین، چاند اور دریا دکھائے گئے ہیں۔ نوید اختر بتاتے ہیں کہ "میں نے اپنی تخلیق میں زمین کی اہمیت کو بیان کیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال آنے والی مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے ہزاروں کھیت تباہ ہوگئے تھے سیلاب تو گزرگیا مگر اس کے بعد وہ ہریالی دینےوالی زمینیں بنجر پڑی ہیں اور کانٹوں کا منظر پیش کررہی ہیں اسی منظر کو پینٹنگ کی صورت میں دکھایا ہے"۔

اس نمائش میں شامل مصورہ شہانہ منور کہتی ہیں کہ ان کی تمام پینٹنگز میں آسمان کی خاموشی کو دکھایا گیا ہے۔ ’’جب جب انسان قدرتی سکون تلاش کرنا چاہیے تو آسمان پر نظر دوڑائے۔ دنیا کے مسائل اور شور شرابے سے دور نظر دوڑائی جائے توآسمان کو دیکھ کر ایک دلی سکون حاصل ہوتا ہے اور آسمان کا یہ سکون اور خاموشی انسان کے دل میں جگہ بنانے میں پمیشہ کامیاب رہتا ہے۔‘‘

دیگر مصوروں کی تصاویر میں سارہ خان کی تخلیق بھی نمایاں تھیں جس میں انھوں نے پین، پینسل، لکڑی، پستول کی گولیاں، لوہے، کاغذ اور رنگوں کی مدد سے پاکستان میں پھیلی تشدد کی لہر اور موجودہ حالات کی عکاسی کی ہے۔ ان کی مصوری میں ایک طرف ہڑتال کے باعث گاڑیاں جلانے، پیٹرول پمپ کی بندش اور سیاستدانوں کا اپنی سیاست کو تقاریر کے ذریعے چمکانے کا منظر دکھایاگیا ہے۔

’’سات کہانیاں‘‘ کے عنوان سے لگائی گئی گروپ نمائش میں ہر تصویر ایک علیحدہ اور منفرد داستان سناتی نظرآرہی ہے۔ جسے دیکھنے کیلئے مصوری سے دلچسپی رکھنے والے افراد، طالبعلم اور شہریوں کی بڑی تعداد کراچی کی چوکنڈی آرٹ گیلری کا رخ کررہی ہے۔
XS
SM
MD
LG