رسائی کے لنکس

پاکستان کا پہلا مقامی سطح پر تیارکردہ آبزرویشن سیٹلائٹ خلا میں روانہ


  • سیٹلائٹ کو چین کے لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔
  • پی آر ایس سی-ای او 1 سیٹلائٹ قدرتی وسائل کی نگرانی اور انتظام کی پاکستان کی صلاحیت کو بڑھائے گا: سپارکو
  • اس قسم کا سیٹلائٹ الیکٹرو آپٹیکل سینسرز کا استعمال کرتے ہوئے زمین کی سطح کی تصاویر اور ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے: سپارکو
  • سپارکو کی سربراہی میں یہ لانچ ہماری قوم کی اسپیس سائنس اور ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے: وزیرِ اعظم پاکستان

ویب ڈیسک -- پاکستان نے پہلا مقامی سطح پر تیارہ کردہ آبزرویشن سیٹلائٹ لانچ کر دیا ہے۔

پاکستان کی اسپیس ایجنسی سپارکو کے مطابق جمعے کو شمالی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مشاہدہ کرنے والا پہلا مقامی سطح پر تیارہ کردہ سیٹلائٹ لانچ کیا گیا۔

چین کی ایئرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ ٹو ڈی کریئر راکٹ کے ساتھ دیگر دو سیٹلائٹ بھی خلا میں لانچ کیے گئے ہیں جن میں تیانلو-1 اور بلیو کاربن 1 شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سپارکو نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-الیکٹرو آپٹیکل ون (پی آر ایس سی-ای او 1) قدرتی وسائل کی نگرانی اور انتظام کی پاکستان کی صلاحیت کو بڑھائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور شہری منصوبہ بندی اور زرعی ترقی کو بہتر بنانے میں بھی مدد دے گا۔

اس قسم کا سیٹلائٹ الیکٹرو آپٹیکل سینسرز کا استعمال کرتے ہوئے زمین کی سطح کی تصاویر اور ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے اور یہ سب وہ منعکس ہونے والی سورج کی روشنی یا خارج شدہ تابکاری کا پتا لگا کر اور اس کی پیمائش کرکے کرتا ہے۔

پاکستان فوج کے ترجمان ادارے 'آئی ایس پی آر' کے مطابق یہ سیٹلائٹ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی نگرانی، آبپاشی کی ضروریات کا اندازہ لگانے، پیداوار کی پیش گوئی کرنے اور فوڈ سیکیورٹی سے متعلق اقدامات میں مدد دے گا۔

'آئی ایس پی آر' کے مطابق شہری ترقی کی منصوبہ بندی میں یہ سیٹلائٹ انفراسٹرکچر گروتھ کو ٹریک کرنے اور شہری پھیلاؤ کو منظم کرنے میں مدد دے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ماحولیات کی نگرانی اور قدرتی آفات سے متعلق یہ سیٹلائٹ سیلاب، لینڈسلائڈز، زلزلوں، جنگلات کی کٹائی اور زمین کے کٹاؤ کے بارے میں بروقت اپ ڈیٹ فراہم کرے گا۔ اسی کے ساتھ ساتھ یہ معدنیات، تیل اور گیس کے شعبوں، آبی وسائل کی نگرانی میں بھی معاونت کرے گا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپارکو کی سربراہی میں یہ لانچ ہماری قوم کی اسپیس سائنس اور ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG